بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہونگے‘ سینیٹر ثمینہ

September 28, 2021

کوئٹہ (پ ر) کنوینرذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ہرنائی ومچ میں دہشت گردوں کے حملے میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کی شہادت اور گوادر میں قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے پر دستی بم حملے پر گہرے دکھ اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے اس طرح کے بزدلانہ عمل سے پاکستانی قوم اور ہماری بہادر سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے انہوں نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کاظہار کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردوں کی جانب سے اہلکاروں پر حملوں کا مقصد بلوچستان کے امن اور ترقی کے عمل کو روکنا ہے ،اس طرح کے بزدلانہ حملے ملک دشمن عناصر کی پشت پناہی کرنے والوںکی کارروائی ہے جو نہیں چاہتے کہ بلوچستان میں امن قائم ہو اوربلوچستان ترقی کرے۔ سینیٹر ثمینہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وطن کے لئے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،دشمن کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے ،پوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے اورہم سب مل کر دشمنوں کے عزائم کوخاک میں ملائیں گے ۔انہوں نے گوادر میں بابائے قوم محمد علی جناح کے مجسمے کو بم سے تباہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ہر پاکستانی کے لئے سب سے زیادہ قابل احترام ہیں اور ان کے مجسمے پر حملہ دہشت گرد عناصر کی ذہنی پستی اور بزدلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔