وطنِ عزیز کو ناقابلِ تسخیر بنانے کیلئے قوم ڈاکٹرعبدالقدیر خان کی شکرگزار

October 11, 2021

محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر پوری قوم افسردہ ہے اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی فیملی سےتعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

پوری قوم محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ملک کے لیے سرانجام دی گئی ناقابلِ فراموش خدمات اور پاکستان کے لیے اسلامی دنیا کا سب سے پہلا ایٹم بم بنا کر ملک کو دنیا میں ناقابلِ تسخیر بنانے پر شکر گزار ہے۔

گزشتہ روز انتقال کی خبر نشر ہونے کے بعد سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام ابھی تک مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے ۔

ٹوئٹر پر موجود تمام پاکستانی صارفین ہی قومی ہیرو اور محافظِ پاکستان کے انتقال پرغمگین نظر آرہے ہیں ، اور وطن عزیز کے لیے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں ۔

یہاں صارفین کی جانب سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر شیئر کیے گئےتعزیتی پیغامات پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔

خیال رہے کہ محسن پاکستان، نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان گزشتہ روز اسلام آباد میں انتقال کرگئے جنہیں سرکاری اعزاز کیساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔

85 سالہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو اتوار کی علی الصبح پھیپھڑوں میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان 1936ء میں بھوپال میں پیدا ہوئے، وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ 1947ء میں ہجرت کر کے پاکستان آئے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر نے انجینئرنگ کی ڈگری 1967ء میں نیدر لینڈز کی ایک یونی ورسٹی سے حاصل کی، انہوں نے بیلجیئم کی ایک یونی ورسٹی سے میٹلرجیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے بعد میں ایمسٹرڈیم میں فزیکل ڈائنا مکس ریسرچ لیبارٹری جوائن کی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پسماندگان میں بیوہ اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔