وزیراعظم عمران خان اگلے انتخابات میں بھی کامیاب ہوں گے، بین الاقوامی جریدے کا دعویٰ

October 11, 2021

وزیر اعظم پاکستان عمران خان 2023 کے انتخابات بھی جیت سکتے ہیں اور ایسا ہونےکے بعد وہ مسلسل دو مرتبہ اپنی حکومت بنانے والے پہلے پاکستانی وزیر اعظم ہوں گے۔

بین الاقوامی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ نے وزیراعظم عمران خان کے پاکستان میں سیاسی مستقبل کے بارے میں ایک تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے۔

اس رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کو ملک میں اپنے اقتدار کے دوران چاہے جتنی بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن اس کے باوجود بھی واضح امکانات موجود ہیں کہ عمران خان پاکستان میں ہونے والے 2023 کے انتخابات جیت سکتے ہیں۔

’دی اکانومسٹ‘ نے عمران خان کے بارے میں یہ پیشگوئی اپنے ایک تفصیلی آرٹیکل’ پاکستان گوٹ اٹس وے اِن افغانستان ‘ میں دی ہے۔

خیال رہے کہ دی اکانومسٹ نے عمران خان کے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے ان کے دورِ حکومت پر کڑی تنقید بھی کی ہے ۔

جریدے کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کے اگلے انتخابات میں کامیابی کے امکانات موجود ہونے کی وجہ ان کی قائدانہ صلاحتیں نہیں بلکہ مسلسل پیش آنے والے واقعات ہیں ، جن میں سرِ فہرست افغانستان کا معاملہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان ہمیشہ سے ہی پاکستان کی افغان پالیسی کا دفاع کرتے رہے ہیں اور کئی بار انہوں نے بین الاقوامی سطح پر افغانستان کی صورت حال کی وجہ سے پاکستان کی بھاری قربانیوں کا تفصیل سے ذکر کیا۔

یہی وجہ ہے کہ انہیں پاکستانی عوام کی اب بھی بھرپور حمایت حاصل ہے اور ان کے اگلے انتخابات میں کامیاب ہونے کے امکانات ہیں ۔

دی اکانومسٹ نےاپنی رپورٹ میں عمران خان کی کامیابی کے امکانات کی دوسری بڑی وجہ بتاتے ہوئے عالمی وبا کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے میں پاکستانی کی کامیابی کا اعتراف کیا۔

رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہےکہ پاکستانی حکومت کی کورونا وبا سے لڑنے کے لیے بنائی گئی پالیسیز کامیاب رہیں اور اسی وجہ سےپاکستان اپنے پڑوسی ملک بھارت کے مقابلے میں کورونا وائرس سے بہت کم متاثر ہوا۔

رپورٹ میں عمران خان کے دوبارہ منتخب ہونے کے امکان کی تیسری اور آخری وجہ بتاتے ہوئےلکھا گیا ہے کہ پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں میں سے اس وقت کسی بھی سیاسی پارٹی میں 2023 میں ہونے والےاگلے انتخابات میں عمران خان کےمقابل کھڑے ہونے کی صلاحیت نہیں نظر آرہی ہے۔