اسکرین سے دور ہوئی تو میری شادی کی افواہیں پھیلائی گئیں، حریم فاروق

October 15, 2021

کراچی (این این آئی)معروف اداکارہ حریم فاروق نے کہا ہے کہ وہ جیسے ہی کچھ عرصے کے لیے اسکرین سے دور ہوئیں تو ان کی شادی کی افواہیں پھیلائی گئیں اور لوگ ان سے فون کرکے شادی سے متعلق پوچھنے لگے ہیں۔ حال ہی میں حریم فاروق نے اداکار و موسیقار گوہر ممتاز کے ہمراہ ٹائم آوٹ ود احسن میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اسکرین سے دور رہنے کی وضاحت بھی کی اور ساتھ ہی بتایا کہ ان کی شادی کی افواہیں تک پھیلائی گئیں۔حریم فاروق نے بتایا کہ وہ جلد ہی گوہر ممتاز کی پروڈیوس کردہ فلم میں دکھائی دیں گی، جس میں وہ ایک خصوصی گانے پر بھی پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی۔اداکارہ نے واضح کیا کہ مذکورہ گانا آئٹم سانگ نہیں ہے لیکن وہ فلم میں خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ جلد ہی کرکٹ پر بنائے گئے ڈرامے میں ایکشن میں دکھائی دیں گی، جس کی وہ خود شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔حریم فاروق نے بتایا کہ انہوں نے شوبز میں آنے کے فوری بعد ہی پروڈکشن میں آنے کا فیصلہ کرلیا تھا، تاکہ وہ صرف اداکاری پر اکتفا نہ کریں۔ حریم فاروق نے بتایاکہ گزشتہ کچھ عرصے سے وہ اس لیے اسکرین سے غائب رہیں، کیوں کہ ان کی والدہ علیل تھیں اور انہوں نے ان کی دیکھ بھال کی۔اداکارہ نے تصدیق کی کہ اب ان کی والدہ روبہ صحت ہیں اور انہوں نے اسکرین پر واپسی کرلی ہے۔ادداکارہ نے واضح کیا کہ ان کی منگنی نہیں ہوئی، یہ سب افواہیں ہیں۔حریم فاروق نے بتایا کہ ان کی منگنی اور شادی کا کوئی پروگرام نہیں ہے لیکن اسکرین سے دوری پر نہ جانے کیوں لوگوں نے سمجھا کہ انہوں نے شادی کرلی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ علی رحمن صرف ان کے اچھے دوست ہیں۔