آرین خان کو گرفتار کر کے شاہ رخ خان کو نشانہ بنایا گیا، این سی پی

October 15, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)کروز پر ڈرگزپارٹی میں شامل ہونے کے الزام میں گرفتار بولی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کا بھارتی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے دفاع کیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان اور ریاستی وزیر نواب ملک نے ایک پریس کانفرنس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورواور بی جے پی پر تنقید کی۔این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے ایک روز قبل بھی آرین خان کا یہ کہہ کر دفاع کیا تھا کہ دراصل آرین خان کو گرفتار کر کے شاہ رخ خان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ ماہ سے کرائم رپورٹرز کو ایسی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ شاہ رخ کو کچھ لوگ نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرین خان کو فرضی معاملے میں پھنسایا جا رہا ہے۔نواب ملک نےایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ این سی بی نے کہا ہے کہ کروز پارٹی سے8افراد کو گرفتار کیا ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس دن پارٹی سے 11افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، 3 افراد کو بی جے پی سے تعلقات ہونے کے سبب رہا کر دیا گیا تھا۔نواب ملک نے کہا کہ جن تین افراد کو این سی بی نے رہا کر دیا ان کے نام رشبھ سچ دیوا، پرتیک گابا اور عامر فرنیچروالا ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آرین خان کے پاس سے این سی بی کو کچھ بھی نہیں ملا تھا۔ نیز آرین کو پھنسانے کے لئے پرتیک گابا اور عامر فرنیچر والا کروز پر لے کر گئے تھے اور بعد میں ان دونوں کو رہا بھی کر دیا گیا۔نواب ملک نے کہا کہ جس شپ پر 1300 افراد سوار تھے اس میں سے 8 افراد کو گرفتار کیا گیا، ہمارے پاس اطلاع ہے کہ بی جے پی کے مقامی اور دہلی میں بیٹھے لیڈران نے رشبھ سچ دیوا، پرتیک گابا اور عامر فرنیچر والا کی رہائی کے لئے فون کال کی تھیں۔ این سی بی آفیسر سمیر وانکھیڑے کو اس کا جواب دینا ہوگا کہ آخر انہیں کیوں چھوڑ دیا گیا؟ یہ بھی بتانا ہوگا کہ رہا کرنے سے پہلے ان سے کیا پوچھ گچھ کی گئی۔