آرین خان کی درخواست ضمانت کا فیصلہ 20 اکتوبر کو سنایا جائیگا

October 15, 2021

ممبئی (این این آئی)بولی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ کے صاحبزادے آرین خان کی درخواست ضمانت پر جج نے فیصلہ محفوظ کرلیاہے ، لہٰذا وہ 20 اکتوبر تک جیل میں رہیں گے۔ممبئی میں آرین خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، دونوں طرف کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد جج وی وی پاٹل نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔انہوں نے کہا کہ آریان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ 20اکتوبر کو سنانے کی کوشش کروں گا، اس مدت تک وہ جیل میں رہیں گے۔اس سے قبل آرین خان کے وکیل امیت ڈیسائی نے دلائل مکمل کیے اور کہا کہ واٹس ایپ گفتگو ایکسٹرا جوڈیشل ہے، یہ بہت ہی کمزور ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کیس میں عدالت کے لیے دستیابی کی شرط پر ضمانت دینا ایک مناسب اقدام ہوگا، اس نوعیت کے معاملے میں کسی لڑکے کی آزادی نہیں چھین سکتے۔ امیت دیسائی نے اپنی دلیل کا اختتام اس بات سے پر کیا کہ کئی چیزیں بعد میں دیکھی جائیں گی، ہم بریت نہیں ضمانت کے مرحلے میں ہیں اور آرین خان کا کوئی سابق مجرمانہ ریکارڈ نہیں۔ امیت ڈیسائی نے دوران سماعت بین الاقوامی منشیات فروشی کے الزام گھناونا قرار دیا اور کہا کہ کیا یہ لڑکا ایسا کرسکتا ہے؟ یہ کہتے ہیں ہم وزارت خارجہ سے رابطے میں ہیں، اچھا ہے، آپ اسے جاری رکھیے لیکن یہ الزام اپنی بنیاد میں گھناونا اور جھوٹا ہے۔