ہر 8میں سے ایک خاتون چھاتی کے کینسر میں مبتلا ہے،ایم ایس بی ایم سی

October 15, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر نوراللہ موسیٰ خیل اور پروفیسر ڈاکٹر زاہد محمد نے کہا ہے کہ اس وقت ہر 8میں سے ایک خاتون چھاتی کے کینسر میں مبتلا ہے ، چھاتی کا کینسر قابل علاج ہے اگر بروقت اس مرض کی تشخیص اور علاج شروع کیا جائے تو اس پر قابوپایا جاسکتا ہے ، بولان میڈیکل کمپلیکس میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص کے لئے میموگرام مشین کی انسٹالیشن کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بولان میڈیکم کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی واک کے اختتام پر شرکاء سے خطاب میں کیا ۔ا س سے قبل بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر نور اللہ موسی خیل کی قیادت میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک میں سربراہ کینسر وارڈ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر زاہد محمود ، ڈائریکٹر سینار ڈاکٹر خوشنود ، ینگ ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکس ، نرسنگ سٹاف ودیگر بھی شامل تھے ۔ واک کے اختتام پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال ڈاکٹر نوراللہ موسی خیل نے کہا کہ چھاتی کے کینسر میں دن بدن تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے اس وقت ہر 8 میں سے ایک خاتون میں مبتلا ہے جو سب کے لئے خطرے کی گھنٹی کی مانند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے ہسپتال میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص کے لئے میموگرام مشین غیر سرکاری تنظیموں اور حکومت کے تعاون سے انسٹال کرائیں تاکہ چھاتی کے کینسر کی تشخیص بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں ہی ممکن ہوسکے اور بلوچستان کے مریضوں کو مرض کی تشخیص اور علاج کے لئے باہر جانا نہ پڑے ۔