آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا

October 15, 2021

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 17 اکتوبر سے شروع ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ستاروں سے سجے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی، جارح مزاج آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن اور جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین بھی متحدہ عرب امارات اور اومان میں ہونیوالے ٹورنامنٹ میں کمنٹری باکس کا رخ کریں گے۔

جمعہ کو جاری آئی سی سی کی کمینٹری فہرست میں پاکستان کا واحد نام بازید خان ہے۔

اس موقع پر آئی سی سی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ میں کم از کم 35 کیمروں سے کوریج ہوگی، شائقین کو مختلف ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ڈیٹا فراہم کیا جائے گا، بال ٹریکنگ کے ساتھ ساتھ اس بار بیٹ ٹریکنگ کا بھی سافٹ ویئر استعمال ہوگا۔

کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران دو سو ملکوں میں مجموعی طور پر دس ہزار سے زائد گھنٹوں کی نشریات پہنچائی جائے گی جس میں کرکٹ فینز ایکشن سے بھرپور میچز انجوائے کرسکیں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ کمنٹری پینل میں بازید خان، ڈیرن سیمی، ڈیل اسٹین، شین واٹسن ناصر حسین، ہرشا بھوگلے، ایئن بشپ، نتالی جرمانوس ، سنیل گواسکر، مائیکل ایتھرٹن، سائمن ڈول، رسل آرنولڈ انجم چوپڑا، مرالی کارتک، اطہر علی خان، ایم مانگوا، پریسٹن مومسن، ڈینی موریسن نیل او برائن، مارک نکولس اور ایلن ولکنس شامل ہیں۔