آریان خان کی گرفتاری کے 12 روز بعد پہلی بار والدین سے ویڈیو کال پر بات

October 16, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)منشیات کیس میں گرفتاری کے 12 روز بعد آریان خان کی پہلی بار والدین سے ویڈیو کال پر بات کرائی گئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق قیدیوں کی جیل سے اہل خانہ اور وکیل سے ویڈیو کال پر بات کرنے کی سہولت بھارت میں کورونا پابندیوں کے دوران متعارف کروائی گئی تھی تاکہ قیدیوں کو کورونا کے ممکنہ اثرات سے بچایا جاسکے۔بھارتی میڈیا ک ے مطابق آریان کو سماعت کے بعد عدالت سے جیل منتقل کیا گیا جہاں آریان نے جیل انتظامیہ کو گفتگو کے لیے اپنی والدہ کا نمبر دیا تھا، جیل حکام نے گوری اور شاہ رخ سے ان کے بیٹے کی ویڈیو کال پر بات کرائی۔بھارتی میڈیا کے مطابق جیل حکام کا بتانا ہےکہ آریان نے والدین سے 10 منٹ ویڈیو کال پر بات کی۔جیل قواعد و ضوابط کے مطابق زیر سماعت مقدمے میں لائے گئے ملزمان تحویل کے دوران مہینے میں 2 سے 3 مرتبہ اپنے اہل خانہ اور وکیل سے بات چیت کرسکتے ہیں۔شاہ رخ کے بڑے صاحبزادے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد ان کے خوبصورت عالیشان گھر‘ منت ‘کا ماحول اداس سا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آریان کی رہائی کے لیے گوری خان نے منت مان لی ہے جب کہ گوری خان نوراتری کے تہوار پر بھی بیٹے کے لیے مستقل دعا مانگتی رہیں۔رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گوری خان نے نوراتری کے آغاز سے ہی منت کے طور پر میٹھا کھانا چھوڑدیا ہے۔یاد رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو( این سی بی) نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔عدالت نے آریان خان کو 20 اکتوبر تک جیل بھیجنے کا حکم جاری کیاہے۔