سونیا حسین اور صبا قمر پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گی

October 16, 2021

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) اداکارہ سونیا حسین اور صبا قمر ایک ساتھ ہدایت کار عدنان سرور کے آنے والے ڈرامے میں پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔اداکارہ سونیا حسین اور صبا قمر کی ڈرامے کے کرداروں کی پولیس یونیفارم میں تصاویر جہاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، وہیں دونوں کو پولیس کے ایک ہی عہدے اور ان کے یونیفارم پر ایک ہی نام کا بیج دیکھ کر شائقین حیران بھی رہ گئے۔اداکارہ سونیا حسین نے تو انسٹاگرام پر پولیس یونیفارم میں اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق بھی کی کہ وہ عمیرہ احمد کے لکھے اور عدنان سرور کے ہدایت کرہ ڈرامے میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کے روپ میں دکھائی دیں گی۔اداکارہ نے تصدیق کی کہ وہ ڈرامے میں ایس پی سارا سکندر کا کردار ادا کریں گی اور انہوں نے سیکیورٹی افسر کے کردار پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔سونیا حسین کی جانب سے شیئر کردہ تصویر میں انہیں پنجاب پولیس کے یونیفارم میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اداکارہ نے ڈرامے کا نام اور اس کی دیگر کاسٹ سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔دوسری جانب صبا قمر کی بھی پولیس یونیفارم میں تصاویر وائرل ہوئیں اور متعدد شوبز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ بھی عمیرہ احمد کے لکھے گئے ڈرامے کا حصہ ہیں۔صبا قمر کی پولیس یونیفارم میں وائرل ہونے والی تصویر میں انہیں بھی سارا کے نام کا بیج پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کی وجہ سے کئی شائقین پریشان بھی دکھائی دیے کہ ایک ہی ڈرامے میں دو ایس پی خواتین ایک ہی نام کا کردار کیوں ادا کر رہی ہیں؟تاہم صبا قمر کی تصویر میں ان کا یونیفارم پنجاب پولیس سے کچھ مختلف دکھائی دے رہا ہے۔سوشل میڈیا پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ صبا قمر اور سونیا حسین لکھاری عمیرہ حسین کے لکھے ڈرامے ‘سیریل کلر‘ میں پولیس افسر بنیں گی۔