ایک اور پاکستانی کرکٹر کا امریکی لیگ سے معاہدہ

October 16, 2021

عمر اکمل اور سمیع اسلم کے بعد ایک اور پاکستانی کرکٹر سعد علی نے بھی امریکی کرکٹ لیگ سے معاہدہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دو ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے سعد علی نے امریکی کرکٹ لیگ سے معاہدہ کرلیا ہے۔

سعد علی نے 2019ء میں آسٹریلیا کے خلاف اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا محض وہ دو ون ڈے میچز میں ہی پاکستان کی نمائندگی کرسکے۔

سعد علی نے پاکستان کی جانب سے کھیلے گئے دونوں میچز میں صرف 11 رنز بنائے تھے جبکہ ان کی انفرادی اننگز میں سب سے زیادہ 7 رنز تھے۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ عمر اکمل فی الحال امریکا میں چھوٹے لیول کی لیگ کرکٹ کھیل رہے ہیں، ان کی کوشش ہے امریکا میں بڑی لیگ کرکٹ کا کنٹریکٹ مل جائے، بڑی لیگ کا کنٹریکٹ ہوگیا تو وہ اپنا کیریئر امریکا میں ہی شفٹ کرلیں گے۔

اس سے قبل 24 سالہ ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم نے مسلسل نظر انداز کیے جانے پر پاکستان کرکٹ کو الوداع کہتے ہوئے امریکا کرکٹ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔

سمیع اسلم 2 سال اور 10 ماہ امریکا میں گزارنے کی شرط پوری کریں گے، اس دوران وہ مقامی طور پر کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ تین سال امریکا میں لیگ کرکٹ کھیلنے کے بعد کھلاڑی امریکا کی قومی ٹیم سے کھیلنے کے اہل ہوں گے۔