ہم لوگوں کو غدار نہیں کہتے، لیکن مشرف نے جو کچھ کیا وہ غداری کے مترادف ہے، شازیہ مری

October 16, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری کا کہنا ہے کہ ہم لوگوں کو غدار نہیں کہتے، لیکن مشرف نے جو کچھ کیا وہ غداری کے مترادف ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اتوار کو ہونے والا جلسہ تاریخی ہو گا۔

شازیہ مری نے کہا کہ سانحہ کار ساز کے شہداء نے ملک میں جمہوریت کے لئے جان دی، کل ہونے والے جلسے سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مقصد عوام کی بھلائی ہے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، اگر یہ چور مزید مسلط رہے تو ملک کا نقصان ہوگا۔

دوسری جانب یادگارِ شہدا کارساز آمد پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تاریخ یہی رہی ہے ہمیں خوشیاں کم اور غم زیادہ ملے ہیں، سب سے زیادہ قربانیاں پیپلز پارٹی نے دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ظالمانہ حکومت روز عوام کو مار رہی ہے، غیر جمہوری طریقے سے فیصلے نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور پر حملہ کیا ان کو معافی دینے کی بات ہو رہی ہے، ایسی سوچ کے کل بھی مخالف تھے اور آج بھی مخالف ہیں۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے بینظیر بھٹو کے مشن کو لیکر چل رہے ہیں۔

اس موقع پر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ غریب عوام کے لیے دو وقت کی روٹی میسر نہیں، وزراء ٹی وی پر آکر جھوٹ بولتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہماری گندم، آٹا، چینی یہاں تک کے ڈالر بھی افغانستان جارہا ہے، وزیراعظم بتائیں کہ ہم بل جلائیں یا پھر سول نافرمانی کریں۔