پیٹرول کی قیمت میں اضافہ: فہد مصطفیٰ کا عمران خان پر طنزیہ وار

October 17, 2021

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر وزیراعظم عمران خان پر طنزیہ وار کردیا۔

ملک بھر میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے، عوام کی جانب سے ملک میں بڑھتی مہنگائی پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کسی نے وزیراعظم سے گھبرانے کی اجازت مانگی تو کسی نے عمران خان کو نئے پاکستان کی مبارک باد دے ڈالی۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے باعث جہاں عوام پریشان ہیں تو وہیں اداکار فہد مصطفیٰ بھی خاصے پریشان نظر آرہے ہیں اور اس حوالے سے اُنہوں نے سوشل میڈیا پر ایک طنزیہ پوسٹ شیئر کی ہے۔

فہد مصطفیٰ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر طنزیہ پوسٹ شیئر کی ہے جس میں لکھا تھا کہ ’وہ چاہتا تو 20 روپے بڑھا سکتا تھا، مگر قوم کی خاطر صرف 10 روپے 49 پیسے بڑھائے، یہ ہوتا ہے لیڈر۔‘

اداکار نے یہ طنزیہ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ’ہاتھ جوڑنے‘ والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے 49 پیسے بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 137روپے79 پیسے ہوگئی ہے۔