برطانیہ میں حصول تعلیم کیلئے گرانٹ کے بارے میں آگاہی تقریب کا انعقاد

October 18, 2021

مانچسٹر(نمائندہ جنگ)برطانیہ میں نوجوان طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے گرانٹ اور قرضے کی صورت میں مالی امداد کے بارے آگاہی دینے کے لیے بر طانیہ کی سماجی کمیونٹی خاتون رہنما شہناز صدیق نے یونیورسل کنسلٹینسی نیلسن کے آفس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔سابق میئر بر نلے چوہدری محمد نجیب اور میئر برائفیلڈ ثاقب حسین نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی ، میئر برائفیلڈ ثاقب حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محترمہ شہناز صدیق کا ورکشاپ کا انعقاد کروانا اچھا اقدام ہے، کوئی بھی شخص جو تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہو اسکے لئے ایک اچھا مواقع ہے کہ بغیر فیس کے تعلیم حاصل کر سکتا ہے اور اپنا کیریئر بنا سکتا ہے۔ سابق میئر برنلے چودھری محمد نجیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان میں ٹیچر تھا، یہاں آکر دوبارہ تعلیم حاصل کی اور بر نلے کا میئر بنا، تعلیم کسی بھی عمر میں حاصل کر سکتے ہیں اس سے سب کو فائدہ اٹھانا چاہیے، میزبان کمیونٹی لیڈر شہناز صدیق نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد لوگوں کو گرانٹ کی شکل میں مفت تعلیم دلوانا ہے اور تعلیم کے بعد انکا مستقبل مزید بہتر بن جائیگا‘ یونیورسل کنسلٹنٹ کے ڈائریکٹر انعام الحق نے کہا کہ کمیونٹی کے لوگوں کو جنکی پہلے کوئی تعلیم نہیں انکو مفت تعلیم دلوانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ معاشرے میں انکا ایک مقام بن سکے، میگھن کا کہنا تھا کہ 17 سے 55سال کے لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔