پہلی اسپیس آبزرویٹری کیلئے ٹیلی سکوپ کی خریداری پراسس کا آغاز

October 18, 2021

اسلام آباد (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے) پاکستان سائنس فائونڈیشن نے وفاقی دارالحکومت میں ملک کی پہلی اسپیس آبزرویٹری کیلئے دو ٹیلی سکوپ اور دیگر آلات کی خریداری کیلئے پراسس شروع کر دیا ہے ، اس حوالے ٹینڈر کا اجراء کردیا گیاہے ، پی ایس ایف ذرائع کے مطابق ٹیلی سکوپ کی خریداری پر تقریباً دو کروڑ روپے لاگت آئیگی ، ایک ٹیلی سکوپ تعلیم و ریسرچ کے مقاصد جبکہ دوسری کا چاند دیکھنے سمیت دیگر کاموں میں اس کا استعمال ہو سکے گا ، واضح رہے کہ ملک میں پہلی اسپیس آبزرویٹری کا سنگ بنیادتقریباً چھ ماہ قبل رکھا گیا تھا،سائنس فائونڈیشن آبزرویٹری کیلئے زمین کی قیمت بھی سی ڈی اے کو ادا کر چکی ہے ، قبضے کا لیٹر بھی سائنس فائونڈیشن کو مل چکا ہے مگرتاحال وزیراعظم سےزمین کی منتقلی کی منظوری حاصل نہیں کی جاسکی ہے جس کے باعث بلڈنگ پر کام شروع نہیں ہو سکا ہے ،پی ایس ایف حکام کے مطابق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ذریعے سمری وزیراعظم کو بھجوائی جا چکی ہے ، توقع ہے کہ جلد ہی اس کی منظوری مل جائیگی جس کے بعد شکرپڑیاں میں اسپیس آبزرویٹری کی عمارت پر بھی کام شروع ہو جائیگا تاہم آلات کی خریداری کا پراسس شروع کر دیا گیا ہے ۔