• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک کا 2 ارب سے زائد کا بل کمپیوٹر کی غلطی قرار

More Than Two Billion Rupees K Electric Bill Termed Computerize Error
افضل ندیم ڈوگر... کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں 120 گز کے مکان کے رہائشی کو 2 ارب 18 کروڑ 89 لاکھ 86 ہزار 508 روپے کے ایک ماہ کے بجلی کے بل کو کمپیوٹر کی غلطی قرار دیا گیاہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں 120 گز کے مکان نمبر 780 کے رہائشی محمد آصف کے کے الیکٹرک کے اکاؤنٹ نمبر 0400012753169 اور کنزیومر نمبر اے ایل 345363 پر مئی 2016 کے ایک مہینے کا بجلی کا بل 2 ارب 18 کروڑ 89 لاکھ 86 ہزار 508 روپے بھیجا گیا ہے۔

بل میں متغیر چارجز ایک ارب، 70 کروڑ، 62 لاکھ، 92 ہزار 430 روپے ہیں۔ الیکٹری سٹی ڈیوٹی 2 کروڑ 56 لاکھ 24 ہزار 398 روپے، جنرل سیلز ٹیکس 29 کروڑ 47 لاکھ 65 ہزار 873 روپے جبکہ انکم ٹیکس کی مد میں 16 کروڑ 3 لاکھ 3 ہزار 690 روپے لاگو کئے گئے ہیں۔

حیرت انگیز طور پر کنزیومر کے میٹر کی سابقہ ریڈنگ 1501 اور موجودہ ریڈنگ 1786 ہے، یوں اصل بل 285 یونٹ کا ہونا چاہئے لیکن بل میں صارف سے 9 کروڑ 99 لاکھ 90 ہزار 427 یونٹس چارج کئے گئے ہیں۔

بل کے مطابق مئی 2016 کے مہینے کی 41 ہزار 504 روپے کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے جو اس بل میں شامل ہے۔ کراچی میں اپنی نوعیت کے غیرمعمولی اور بڑے بل کی ادائیگی کے لئے کے الیکٹرک نے 10 جون 2016 آخری تاریخ دی ہے۔

اگر مقررہ مدت میں بل ادا نہیں کیا گیا تو صارف کو 17 کروڑ 8 لاکھ 29 ہزار 250 روپے کا جرمانہ عائد کئے جانے کے بعد 2 ارب 35 کروڑ 98 لاکھ 57 ہزار 264 روپے ادا کرنا ہوگا۔

مالک مکان محمد آصف ایک عام شہری ہے جو کے الیکٹرک کی اس پالیسی سے پریشان ہے کہ پہلے بجلی کا بل جمع کروائو، پھر تصیح کی بات کریں گے۔ مالک مکان کے مطابق اس کی سات پشتیں بھی کوشش کرلیں تو وہ یہ بل ادا کرنے کے قابل نہیں۔

کے الیکٹرک کے ترجمان سے کوشش کے باوجود رابطہ نہیں ہوسکا لیکن کے الیکٹرک کے بلنگ کے ماہر افسر نے اس بل کو کمپیوٹر کی غلطی قرار دیا ہے۔ مذکورہ عہدیدار کے مطابق بل متعلقہ بلنگ سیکشن میں درست کرایا جاسکتا ہے۔ اس کے لئے مالک کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
تازہ ترین