• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اورلینڈو فائرنگ واقعہ دہشت گردی اور نفرت پر مبنی ہے، اوباما

The Orlando Firing Is Based On Terror And Hate Obama
امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ اورلینڈو میں فائرنگ کا واقعہ دہشت گردی اور نفرت پر مبنی ہے۔ اوریہ امریکی تاریخ میں خونریز ترین شوٹنگ کا واقعہ ہے۔دہشتگردی کی کسی بھی واردات کی مذمت کرتےہیں۔ امریکا کےلیے آج کا دن بہت برا ہے۔

امریکی قوم سے خطاب میں صدر اوباما نے کہا کہ ایف بی آئی دہشت گردی کے واقعے کا جائزہ لےرہی ہے، امریکی عوام اس واقعے پر گہرے دکھ میں ہیں۔ وہ مرنے والوں کےلواحقین کےدکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم بطور امریکی شہری درجنوں بے گناہ افراد کی خوفناک اور خونریز ہلاکتوں پر اپنے غم میں متحد ہیں ۔ ہم اُن کے گھر والوں کے لیے دعا گو ہیں جو ٹوٹے ہوئے دلوں کے ساتھ ہم سے جواب مانگ رہے ہیں۔ ہم اورلینڈو کے عوام کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے شہر میں خوفناک حملہ سہا۔

صدر اوباما نے کہا کہ اگرچہ تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں تاہم ہمیں اتنا پتا ہے کہ یہ ایک دہشت گردی اور نفرت پر مبنی واقعہ ہے۔ اور بطور امریکی شہری ہم اپنے عوام کے دکھ، غم اور غصے میں متحد ہیں اور عوام کے تحفظ کے اپنے عزم میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تفتیش کے لیے وفاقی حکومت کے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی ہے۔ تفتیش ابھی جاری ہےاور قاتل کے مخصوص عزائم کے بارے میں ہم ابھی لاعلم ہیں۔ایف بی آئی اس واقعے کی تحقیقات ایک دہشت گرد حملے کے طور پر کر رہی ہے اور میں نے ہدایت دی ہے کہ قاتل کے ممکنہ دہشت گرد روابط کے بارے میں تفتیش میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

صدراوباما نے مزید کہا کہ ایک بات واضع ہے کہ ملزم میں نفرت بھری ہوئی تھی۔ آنے والے دنوں میں ہم یہ جان سکیں گے کہ یہ حملہ کیوں اور کیسے ہوا اور تفتیش کا رُخ وہیں جائے گا جہاں حقائق لے جائیں گے۔ یہ امریکی تاریخ میں خونریز ترین فائرنگ کا واقعہ ہے۔
تازہ ترین