• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رینجرز اختیارات بحال نہ کئے تو دھرنا دینگے، تاجروں کا الٹی میٹم

Traders Gives 72 Hours Ultimatum To March At Cm House
کراچی کے تاجروں نے رینجرز اختیارات بحالی کے تحت حکومتِ سندھ کو 72گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا، اختیارات بحال نہ کئےگئے تو تاجر وزیرِاعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دینگے۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی زیرِصدارت پیر 25جولائی کو آرام باغ فرنیچر مارکیٹ میں تاجروں کے ہنگامی اجلاس میں احتجاجی لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔

آج آل کراچی تاجر اتحاد کی سپریم کونسل کے فیصلے کے بعد عتیق میر نے حکومتِ سندھ سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی اطمینان بخش اور حوصلہ افزاء صورتحال کے خلاف کسی بھی نامناسب فیصلے سے گریز کیا جائے۔

بحالیِ امن کے تحت فعال اور مؤثر کردار ادا کرنے والے سیکوریٹی اداروں کی کارکردگی میں رکاوٹ بننے کی کوشش نہ کی جائے۔انھوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ بھتہ خوروں، ٹارگٹ کلرز اور اغواء کاروں کا راستہ دوبارہ کھولنے کی کوشش نہ کرے۔

تاجروں نے شہر میں قیام امن کے تحت رینجرز کی بے مثال کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں رینجرز کو بے اختیار کیا گیاتو امن و امان کے تحت کی گئیں کوششوں کو دھچکا پہنچے گا اور زیرِ زمین چھپے ہوئے بھتہ خور اور اغواء کار دوبارہ فعّال ہوجائینگے۔

تاجروں نے کہا کہ تاجر برادری رینجرز کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہے۔عتیق میر نے کہا کہ رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن کی بدولت شہر میں سرمایہ کاری کی فضابحال ہورہی ہے۔ کاروباری مراکز میں خوف کی فضاء ختم، بھتہ اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں 90فیصدسے زائد کمی واقع ہوگئی ہے۔
تازہ ترین