• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کو 3دن میں صاف کرنا ناممکن ہے، قائم علی شاہ

Karachi Cleaning In 3 Days Is Impossible Qaim Ali Shah
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی جیسے میٹروپولیٹن شہر کو 3دن میں صاف کرنا نہ صرف مشکل بلکہ ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو 3دن میں کراچی کو صاف ستھرا کرنے کی مہلت صرف ان کو سرگرم کرنے اور اپنی صلاحیت اور جذبے کے تعین کیلئے دی تھی اور اب میں ان کو شہر کی صفائی ستھرائی کیلئے مزید وقت دے رہا ہوں۔

ان خیالات کاا ظہار قائم علی شاہ نے آج شہر میں اچانک دورہ کرکے صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لینے کے بعد دبئی روانگی سے قبل قائد اعظم انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو شہر کو 3دن میں صاف ستھرا کرنے کی مہلت دی تھی جبکہ وہ جانتے تھے کہ یہ کام 3دن میں مکمل کرنا نا ممکن ہے لیکن ان کا مقصد انتظامیہ کو مزید متحرک کرنا تھا ا ور انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ انتظامیہ نے سخت محنت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تو کام کی شروعات ہے اور امید کی جاتی ہے کہ 2ماہ کے اندر یہ کام کامیابی سے مکمل ہو جائے گا، کراچی کی انتظامیہ شہر کی صفائی ستھرائی کیلئے کم از کم 6ماہ کے وقت کا مطالبہ کر رہی تھی لیکن میں نے ان کوصرف دو ماہ دیئے ہیں اور میں اس دوران کام کے معیار اور رفتار کی نگرانی کیلئے ذاتی طور پر شہر کے دورے کرتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا کام ہے اور ان کو روزانہ کے جھاڑو اور ہر گھر سے جمع ہونے والے کچرے کے ڈھیر اٹھانے ہیں،گندے پانی کے نالوں کی صفائی کی جارہی ہے اور نالوں سے نکلے ہوئے کچرے کو لینڈ فل سائیٹس تک منتقل کرنا ہے جس کیلئے انہیں مزید وقت درکار ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وہ دبئی جار ہے ہیں اور وہاں پارٹی قیادت کی طر ف سے بلائے گئے اجلاس میں شرکت کریں گے جس کی صدارت بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم اجلاس ہوگا جس میں پارٹی قیادت حکومتی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور ترقیاتی کاموں کیلئے نئے اہداف مقرر کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ تعلیم ،صحت ، پانی اور نکاسی آب سمیت دیگر شعبوں میں اپنی حکومتی کارکردگی کے حوالے سے قیادت کو بریفینگ دیں گے۔

رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یقیناًدبئی اجلاس میں اس معاملے پر بھی بات چیت کی جائے گی اور میں پارٹی قیادت کو ڈھائی کروڑ آبادی کے اس شہر میں امن و امان قائم کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاکردگی کے حوالے سے بھی بریفینگ دوں گا اور اختیارات اور توسیع کا معاملہ بھی حل ہو جائے گا۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں صفائی ستھرائی کا کام جاری تھا ان علاقوں میں بوٹ بیسن نالا، مائی کولاچی ، ایم اے جناح روڈ ، پرانی سبزی منڈی، حسن اسکوائیر ، بیت المکرم مسجد ایریا ، اسٹیڈیم روڈ، منظور کالونی، اور قیوم آباد نالا شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ بوٹ بیسن اور قیوم آباد نالے کے پاس اپنی گاڑی سے اترے جہاں سے کچرا نکالا جا چکا تھا، انہوں نے وزیر بلدیات کو ہدایت دی کہ وہاں سے کچرا اٹھا کر لینڈ فل سائٹ تک منتقل کرنے کے کام کو یقینی بنایا جائے، اگر کچرے کو نالے کے کنارے چھوڑ دیا جائے گا تو وہ پھر سے نالے میں گر جائےگا۔

انہوں نے وزیربلدیات کو بتایا کہ وہ ان افسران،ڈی ایم سیز یا کے ایم سی کے ایڈمنسٹریٹرز اور دیگر متعلقہ عملے کو نقد انعامات دیں گے جو اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھے گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر ان کے علاقوں کا دورہ کر کے انعامات کیلئے ان کی کارکرگی کا جائزہ لوں گا اور جو کوئی بھی اپنی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوا وہ سخت نتائج کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے دورے کے موقع پر وزیر بلدیات جام خان شورو، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر، کمشنر کراچی اعجاز علی خان، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد، میونسپل کمشنر اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔
تازہ ترین