• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متوقع وزیراعلیٰ سندھ کی قائم علی شاہ سےملاقات

Expected New Cm Meets To Qaim Ali Shah
بلاول بھٹو آج سندھ کے لئے باقاعدہ نئے وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کریں گے۔صوبے کے بزرگ ، معاملہ فہم ، ایمانداراور ذہین سیاستدان قائم علی شاہ اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

دوسری جانب قیادت کے نامزد سید مراد علی شاہ نے حکومت سندھ کی باگ دوڑ سنبھالنے کے لئے تیاریاں شروع کردیں ۔کل گورنر اور آج وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے بعد سندھ کے وزیراعلیٰ کاباقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔موجودہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ مستعفی ہوجائیں گے۔

سید قائم علی شاہ کو سیاسی حلقوں میں ذہین، معاملہ فہم، ایماندار اور زیرک سیاستدان کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔اب قرعہ فال سید مراد علی شاہ کے نام نکل چکا ہے بس باقاعدہ اعلان ہونا باقی ہے۔

صوبائی وزیرخزانہ مراد علی شاہ نے پارٹی قیادت کی اجازت سےدبئی میں حروں کے روحانی پیشوا اور فنکشنل لیگ کے سربراہ پیرصاحب پگارا سے ملاقات کی اور ورکنگ ریلیشن شپ بڑھانے پر بات کی۔

گزشتہ روز نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے بھی ملاقات کرکے اہم امور پر گفتگو کی ۔متوقع وزیراعلیٰ نے آج موجودہ وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ سے بھی ملاقات کی اور باہمی امور پر گفتگو کی ۔

سید مراد علی شاہ کی ممبران اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں جاری ہیں ۔کئی وزراء اور ممبران اسمبلی آج ملک واپس پہنچیں گے۔میڈیا سے بات چیت میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی میں سینئر ہوں اور پارٹی کا نظم و ضبط ہے جو قیادت فیصلہ کرتی ہے سب اس کو مانتے ہیں ۔

پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ وزیراعلیٰ کے طور پراپنے سرکاری مشیران اور معاونین خصوصی کی تعداد کم کریں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مراد علی شاہ کابینہ اور اہم امور میں سینئر ممبران سمیت نوجوانون ایم پی ایز کو بھی ایڈجسٹ کریں گے۔
تازہ ترین