سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی میں بل بورڈ سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کی مہلت کا آج آخری دن ہے شہر میں رات گئے بھی انتظامیہ کی جانب سے بل بورڈز اور ہوڈنگز اتارنے کا عمل جاری رہا۔
سپریم کورٹ نے اپنی گذشتہ سماعت میں حکم دیا تھا کہ کراچی میں لگے تمام بل بورڈز اتار کر رپورٹ 29 جولائی تک جمع کرادی جائے۔
سپریم کورٹ کے حکم کے بعد انتظامیہ حرکت میں آگئی ہے اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے روکنے کے لئے رات گئے شاہراہ فیصل، شاہراہ پاکستان، آئی آئی چندریگر روڈ پر انتظامیہ کی جانب سے بل بورڈز کو اتارنے کا سلسلہ جاری رہا۔
عدالت نے حکم دیا تھا کہ شہر سے بل بورڈز نہ ہٹائے گئے تو تمام ڈی ایم سیز کے ایڈمنسٹریٹرز اور کنٹونمنٹس کےسربراہان ذمے دار ہوں گے۔