• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ: ہزاروں مہاجر بچے بردہ فروشوں کے ہتھے چڑھنے کا خطرہ

Europe Abusive Threatening Thousand Of Refugee Children Climb Into Hands Criminal Burda
برطانیہ سمیت دیگر یورپی ممالک ہزاروں تنہا اور بے آسرا مہاجر بچوں کو اپنے رویے سے مایوس کررہے ہیں جس کی وجہ سے خطرہ ہے کہ یہ بچے انسانی اسمگلروں کے ہتھے چڑھ سکتے ہیں۔

برطانوی اخبار،ٹیلی گراف کے مطابق،برطانوی ایوان بالا کی یورپی یونین کمیٹی نے بتایا کہ یورپ آنے والے بچوں کو ’شک‘ کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور انتہائی ’گندے‘ حالات میں زیر حراست رکھا جاتا ہے۔

ارکان پارلیمان نے یورپی ممالک پر الزام لگایا کہ وہ بچوں کو جگہ دینے، ان کا تحفظ کرنے اور انہیں درپیش خطرات کا ادراک کرنے میں یورپی یونین اور بین الاقوامی قوانین پر عمل کرنے میں ناکام ہورہے ہیں۔

پچھلے سال تقریبا 10ً لاکھ مہاجرین اور تارکین وطن یورپ پہنچے تھے جن میں سے زیادہ تر شام کی خانہ جنگی کی وجہ سے ہجرت کرنے والے لوگ تھے مگر اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس وقت پورے براعظم میں کم از کم 10 ہزار تنہا بچے لاپتہ ہیں۔

گزشتہ سال برطانیہ میں تنہا بچوں کی پناہ دینے کی 3 ہزار 43 درخواستیں آئی تھیںجو 2014 کے مقابلے میں 56 فیصد زیادہ شرح ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ برطانیہ سمیت یورپی ممالک ان بچوں کی حفاظت کی ذمہ داری اٹھانے سے گریز کررہے ہیںجس کی وجہ سے ان کا قومی حکام پر اعتماد ختم ہوگیا ہے اور وہ اسمگلروں کے چنگل میں پھنس سکتے ہیں۔

ارکان اسمبلی نے بتایا کہ برطانیہ میں مقامی حکام کے درمیان بوجھ کو مل جل کر بانٹنے کا فقدان ہے کیونکہ ایک کونسل 412 تنہا بچوں کو سنبھال رہی ہے جب کہ زیادہ تر دیگر کونسلز کے پاس ایک بھی بچہ نہیں۔

مئی میں ڈیوڈ کیمرون نے تنہا مہاجر بچوں کو مین لینڈ یورپ میں قائم مہاجر کیمپوں سے برطانیہ آنے کی اجازت نہ دینے کے اپنے موقف کو تبدیل کرلیا تھا۔

انہوں نے اعلان کیا تھا کہ یورپ کے پناہ گزیں کیمپوں میں موجود ایسے مہاجر بچے جن کے رشتے دار برطانیہ میں قیام پذیر ہیں، ان کی برطانیہ منتقلی کی درخواستوں کو تیزی سے نمٹایا جائے گا۔

یہ رپورٹ ایسے وقت جاری ہوئی ہے جب برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کو شامی مہاجرین کی وزارت ختم کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ یہ وزارت ان کے پیش رو ڈیوڈ کیمرون نے قائم کی تھی۔

پچھلے سال ستمبر میں ڈیوڈ کیمرون نے رچرڈ ہیرنگٹن کو یہ عہدہ دے کر انہیں کمزور و ناتواں افراد کو دوبارہ بسانے کی اسکیم کی نگراں کا کام سونپا تھا۔

وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا ہے کہ رچرڈ ہیرنگٹن کی ذمہ داریاں اب محکمہ داخلہ سنبھالے گا اور حکومت 2020 تک 20 ہزار مہاجرین کو پناہ دینے کے وعدے پر مکمل طور پر قائم ہے۔
تازہ ترین