• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سید مراد علی شاہ سندھ کے 27 ویں وزیر اعلیٰ منتخب

Syed Murad Ali Shah 27th Chief Minister Sindh Elected
پیپلز پارٹی کے سید مراد علی شاہ سندھ کے27 ویں وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے، وہ سید قائم علی شاہ کے استعفے کے بعد وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔ آج شام 7بجے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ان سے حلف لیں گے۔

نئے وزیر اعلیٰ سندھ کے انتخاب کیلئے سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے شروع ہوتے ہی اسپیکر آغا سراج درانی نے ایوان کے نمائندوں کو خوش آمدید کہنے کے بعد ایوان کے دروازے بند کرنے کا حکم دیا۔

قائد ایوان کیلئے پیپلز پارٹی کے سید مرادعلی شاہ کا مقابلہ پی ٹی آئی کے خرم شیرزمان سے تھا، سید مراد علی شاہ نے 88جبکہ خرم شیر زمان نے 3ووٹ حاصل کیے ہیں۔

قائد ایوان کے انتخاب کیلئے اسمبلی ممبران کو ووٹنگ کیلئے ناموں سے پکارا کیا گیا، مراد علی شاہ سیہون سے رکن سندھ اسمبلی ہیں۔

قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ناموں کے اعلان کے بعد ہر ایک اسمبلی ممبر نے علیحدہ علیحدہ ووٹ کاسٹ کیا، اسمبلی ممبران نے اپنا اسمبلی کارڈ دکھا کر قائد ایوان کے امیدوار کو ووٹ دیا۔

قائد ایوان کے انتخاب کے موقع پر پیپلز پارٹی کے چار ارکان شرجیل میمن، مظفر ٹپی، نوشہرو فیروز سے منتخب دوسرے مراد علی شاہ اور نادرمگسی اسمبلی میں موجود نہیں تھے، سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کوواضح اکثریت حاصل ہے جب کہ فنکشنل لیگ اور ن لیگ کی سید مراد علی شاہ کو خاموش حمایت حاصل تھی۔

سید مراد علی شاہ کے قائد ایوان منتخب ہونے سے پہلے سید قائم علی شاہ نے قیادت کے کہنے پر 27 جولائی کو عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

ایم کیو ایم اور فنکشنل لیگ نے وزیر اعلیٰ سندھ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، ایم کیو ایم کے رؤف صدیقی کو اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی ہدایت پر جیل سے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لینے کیلئے اسمبلی لایا گیا تھا، مراد علی شاہ نے رؤف صدیقی کی خیریت بھی دریافت کی۔

سید مراد علی شاہ کے والد سید عبداللہ شاہ بھی سندھ کے وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں، سید مراد علی شاہ وہ پہلے وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں جن کے والد بھی اس منصب پر فائز رہے ہیں۔
تازہ ترین