• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوکیو میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

Protest Against Indian Atrocities In Tokyo
عرفان صدیقی ....ٹوکیو میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پاکستانی ، بنگلہ دیشی ،سری لنکن ،جاپانی شہریوں اور کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بڑی تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی ۔

مظاہرین نے کشمیر میں معصوم اور نہتے کشمیریوں کے خلاف غیر انسانی ظلم و ستم اور نہتے کشمیریوں پر خطرناک ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ۔ مظاہرین نے بھارت کو کشمیریوں کے ان کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی فراہم کرنے اور آزادانہ استصواب رائے کرانے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نےکہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرپر طاقت کے زور پر مزید قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا اسے کشمیریوں کو حق خودرادی دینا ہوگا ، پیپلز پارٹی جاپان کے صدر نعیم الغنی آرائیں نے کہا کہ جاپان اور اقوام متحدہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم رکھوانے کے لیے کردار اداکریں ۔

پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے جنرل سیکریٹری عبدالرحیم آرائیں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستانی قوم ہر قربانی دینے کو تیار ہے ۔سینئر پاکستانی حسین خان نے کہا کہ دنیا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ظلم و ستم اور طاقت کے بل بوتے پر کوئی بھی ملک کسی قوم کو یرغمال نہیں بنا سکتا ،کشمیر کی آزادی کے دن قریب آچکے ہیں۔

پاک جاپان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر راشد صمد خان نے کہاکہ بھارت کی جانب سے خطرناک کارتوس والی بندوق کا استعمال انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔

سینئر لیگی رہنما رانا ابرار نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کرچکے ہیں اور جلد ہی کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا ۔مظاہرے میں پاکستانی تحریک انصاف ، منہاج القران ، کشمیری شہریوں اور بنگلہ دیش ، سری لنکا اور جاپان کے انسانی حقوق کی تنظیم کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

مظاہرے کے آخر میں احتجاجی مراسلہ بھی بھارتی سفارتخانے میں جمع کرایا گیا۔مظاہرے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے بڑی تعداد میں جاپانی پولیس اور سیکورٹی کے حکام موجود تھے ۔
تازہ ترین