• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاڑکانہ : ڈی جی رینجرز کا جائے حادثے کا دورہ

Larkanadg Rangers Visited The Accident
لاڑکانہ میں دہشت گردوں نے ریموٹ کنٹرول بم سےرینجرز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ دھماکے میں ایک رینجرز اہل کار شہید اور 5 اہلکاروں سمیت 9 راہ گیر زخمی ہوگئے۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے جائے حادثے کا دورہ بھی کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔

امن کے دشمنوں نے امن کے محافظوں پر ایک اور حملہ کیا ہے، لاڑکانہ میں صبح کے وقت معمول کے گشت پر نکلنے والی رینجرز کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے نشانہ بنایا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گردوں نے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سائیکل اور سڑک کنارے نصب کی تھی۔ جیسے ہی رینجرز کی گاڑی 7نمبر ناکے کے قریب پہنچی تو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے دھماکا کیا گیا۔

دھماکے میں زخمی رینجرز اہل کاروں اور راہ گیروں کو فوری طور پر چانڈکا میڈیکل اسپتال لاڑکانہ منتقل کردیا گیاجہاں رینجرز کا ایک اہلکار شاہدسیال اسپتال میں دم توڑ گیا۔

دھماکے کے بعد رینجرز نے علاقے میں سرچ آپریشن کر کے 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

دھماکے کے بعد ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور اسپتال میں زخمی اہل کاروں اورراہ گیروں کی خیریت دریافت کی اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔

رینجرز ہیڈ کوارٹر لاڑکانہ میں میجر جنرل بلال اکبر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس بھی ہوا جس میں دھماکے سے متعلق تحقیقات اور محرکات پرغور کیا گیا۔
تازہ ترین