• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ دھماکا،دکھ ، افسوس اور تعزیت کا اظہار، بارز کا ہڑتال کا اعلان

Condolences On Quetta Blast
وزیراعظم محمد نواز شریف نے کوئٹہ میں دھماکے کی سخت مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو صوبے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔امن کیلئے سیکورٹی فورسز،پولیس اوربلوچستان کےعوام نے قربانیاں دیں۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو نگرانی اور سیکورٹی بڑھانے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی سول اسپتال کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئےقیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر گہرےدکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نےجاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کےخلاف قوم کا غیرمتزلزل عزم کمزور نہیں کرسکتیں،معصوم لوگوں کو نشانہ بنانےوالے سفاک درندےکسی رعایت کےمستحق نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بلوچستان بارکےصدر بلال انورکاسی کےقتل کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئےمقتول کےلواحقین سےبھی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

دوسری طرف لاہور کے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدراشرف نے کوئٹہ دھماکے کےبعدلاہورمیں سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت کردی۔ڈویژنل پولیس افسران کو اہم مقامات کی سیکورٹی چیک کرنے کےاحکامات دے دیئے۔

ادھر سپریم کورٹ بار کی جانب سےکوئٹہ دھماکےکی شدید مذمت کی گئی ہے۔سانحہ کوئٹہ کےخلاف سپریم کورٹ بار نے ملک بھر میں سوگ کا اعلان کردیا۔صدر سپریم کورٹ بار علی ظفر نےاہم فیصلوں کیلئےاجلاس طلب کرلیا۔

لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر کی جانب سے بھی ہڑتال کا اعلان کردیا،صدر راناضیاءالرحمٰن نے کہا کہ11بجےتمام وکلاء کام چھوڑ کر احتجاج کریں گے۔
تازہ ترین