• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریو اولمپکس کا رنگا رنگ اختتام، مشعل بجھا دی گئی

Rio Olympics 2016 End Under A Fire Work Ceremony
ریو اولمپکس ختم مشعل بجھا دی گئی ، رنگا رنگ اختتامی تقریب میںآتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، فنکاروں کی پرفارمنس پر کھلاڑیوں کا رقص ۔ ایتھلیٹس نے جم کر جشن منایا اور کھل کر سیلفیز بنائیں ۔

ریومیں 65 اولمپکس میں 19 عالمی ریکارڈز قائم کیے گئے ۔ ریو اولمپکس میں 205 ممالک کے گیارہ ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے شرکت کی ۔ 42 کھیلوں کے 306 ایونٹس میں کھلاڑیوں کے درمیان معرکہ آرائی ہوئی۔

اختتامی تقریب کے موقع پر اولمپک پرچم ٹو کیوکی گورنر کےحوالےکردیاگیا۔اگلے اولمپک 2020 میں جاپان کے دارالحکومت ٹو کیو میں ہو ں گے ۔

اس سے قبل اختتامی تقریب کا آغاز آتش بازی، موسیقی اور رقص سے ہوا جس میں برازیل کا قومی ترانہ پیش کیا گیا جس کے بعد کھلاڑیوں کی اسٹیڈیم میں آمد شروع ہوئی۔

میڈلز جیتنے والے خوشی سے سرشار دکھائی دیئے، کسی نے اپنے ساتھی کھلاڑی کے کندھے پر بیٹھ کر سیلفی بنائی تو کسی نے گروپ کی شکل میں۔

مارچ پاسٹ کے دوران مختلف فنکار سُر بکھیرتے رہے اور کھلاڑیوں کا رقص جاری رہا۔اس دوران بارش ہو گئی تاہم کھلاڑیوں کا جوش کم نہ ہو سکا۔

دلکش نظارہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب اپنا ٹرپل ٹرپل اور ڈبل ڈبل مکمل کرنے والے یوسین بولٹ اور برطانیہ کے محمد فرح نے سیلفیز بنائیں۔پھر موسیقی کی دُھن اور رقص کے ذریعے برازیل کی ثقافت پیش کی گئی ۔

ریو ڈی جنیرو کے میئر ایڈوارڈو نے اولمپک پرچم انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ ٹامس باخ کے حوالے کیا جنہوں نے یہ پرچم ٹوکیو کی پہلی خاتون گورنر یوریکو کویئے کے حوالے کیا۔

تقریب کے آخر میں ریو اولمپک کی مشعل بجھائی گئی اور شاندار آتش بازی کے ساتھ 31ویں اولمپکس کا اختتام ہوا۔
تازہ ترین