• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات:چار اضلاع میں ووٹنگ مکمل

Voting For Mayor And Deputy Mayor Voting Completed In Four Districts
کراچی کے مئیراور ڈپٹی مئیر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ جاری ہے ، چار اضلاع میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔ ایم کیوایم کے نامزد میئر وسیم اختر کو انتخابات میں شرکت کے لیے جیل سے لایا گیا۔عامر خان بھی ووٹ ڈالنے پہنچے ۔ عامر خان نے وسیم اختر کو گلے کرکہا تم ہی میئر بنوگے۔ خواجہ اظہار کہتے ہیں شفاف تحقیقات کر کے وسیم اختر کو شہر کی خدمت کا موقع دیں۔

ضلع وسطی میں متحدہ قومی موومنٹ کے ریحان ہاشمی بلامقابلہ چیئرمین جبکہ سعید شاکربلامقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہوگئے، ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضلع غربی میں ایم کیو ایم کے امیدواراظہار الدین36ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے تاہم کراچی اتحاد کے امیدوار نے نتائج تسلیم کرنے سے انکا کردیاہے۔

ضلع غربی میںکراچی اتحاد کے امیدوار برائے چیئرمین محمد آصف خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ایم کیو ایم نے منظم دھاندلی کی ہے، 20 ووٹوں میں ٹیمپرنگ کی گئی، الیکشن کمیشن نوٹس لے۔

انہوں نے نتائج مسترد کرتے ہوئے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب شہر کے چار اضلاع میںپولنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق ضلع غربی میں تمام 67 ووٹ کاسٹ ہوگئے ہیں، گنتی شام5بجے کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن آفیسر ضلع جنوبی کے مطابق ضلع میں پولنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، ضلع جنوبی میں کل 47 ووٹ ہیں، ووٹوں کی گنتی پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد شام پانچ بجے شروع ہوگی۔

ریٹرننگ افسر کے مطابق ڈی ایم سی ایسٹ میں 44 ووٹ کاسٹ ہوئے، ڈی ایم سی میں مجموعی طور پر47ووٹ ہیں۔

ڈی ایم سی میں چیئرمین کیلئے ایم کیو ایم کےمعیدانور، پیپلزپارٹی کےذوالفقارقائم خانی جبکہ وائس چیئرمین کیلئےایم کیوایم کےعبدالرؤف اورپیپلزپارٹی کےسرتاج خٹک کے درمیان مقابلہ ہے۔

ضلع کورنگی میں بھی پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا، یہاں 55ووٹ میں سے53ووٹ ڈالے گئے۔

نامزد میئر وسیم اختر کو بکتر بند میں سینٹرل جیل سے کے ایم سی بلڈنگ لایا گیا، ٹو پیس سوٹ میں ملبوس نامزد میئر خوشگوار موڈ میں نظر آرہے تھے۔

میئر اور ڈپٹی میئر منتخب کرنے کے لئے کسی بھی جماعت کو 155 ووٹ درکار ہوتے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے پاس 60 نشستیں زائد ہیں۔ ایم کیو ایم کو 308 نمائندوں کے ایوان میں 214 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل ہے ۔
تازہ ترین