• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی،غربی : 24 ووٹ مسترد،کراچی اتحاد کے آصف خان کامیاب

Karachi Ittehad Won The Seat From Karachi West
کراچی کے ضلع غربی میں چیئرمین کی نشست پر ایم کیو ایم کے نمائندے اظہار الدین احمد کی کامیابی کالعدم قرار دے دی گئی، ریٹرننگ افسر نے 24 نشان زدہ ووٹوں کو مسترد کردیا، جس کے بعد کراچی اتحاد کے آصف خان کامیاب تصور کئے جائیں گے۔

کل یہ شکوہ تھا، کہ حلف ہمارا ساتھ دینے کا اُٹھایا اور ووٹ دیا کسی اور کو جبکہ آج کاطنز یہ کہ دیکھ لیا، مک مکا کسی کام نہ آیا، قصہ ہے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کا جس کی گہماگہمی تو ختم ہوگئی، مگر کھینچا تانی تاحال برقرار ہے۔

بدھ کو ضلع غربی میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے الیکشن میں ایم کیو ایم کے اظہار احمد چیئرمین اور پی ٹی آئی کےعزیز اللہ آفریدی بطور نائب چیئرمین کامیاب قرار پائے تھے، مگر اب ایم کیو ایم کے اظہار احمد کی بطور چیئرمین کامیابی کالعدم قرار دے دی گئی ہے۔

ریٹرننگ افسر نے اظہار احمد کو ملنے والے 36 ووٹوں میں سے 24 نشان زدہ ووٹ مسترد کردیئے، اظہار احمد کے مدمقابل کراچی اتحادکے آصف خان نے 31 ووٹ حاصل کئے تھے جونتیجہ تبدیل ہونے کے بعد کامیاب ہوگئے ہیں۔

کراچی اتحاد نے بدھ کو نتائج آنے کے بعد 24 نشان زدہ ووٹوں پر اعتراض نہیں اُٹھایا، بلکہ تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کو غدار قرار دیتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ انہوں نے الیکشن میں ہمارا ساتھ دینے کا حلف اُٹھایا تھا،مگر ساتھ دیا ایم کیو ایم کا،اس پر نون لیگ کے رہنماؤں نے عمران اسماعیل کے خلاف نعرے ہی نہیں لگائے بلکہ انہیں دھکے بھی دیئے۔
تازہ ترین