• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیوانی میں لیویز چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ،7اہلکار شہید

Seven Fc Personnel Killed In Jiwani Checkpost Attack
ضلع گوادر کی تحصیل جیوانی میں لیویز چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں تحصیلدار سمیت 7اہلکار شہید ہوگئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کمشنر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

کمشنر مکران بشیر بنگلزئی نے بتایا کہ جیوانی کے علاقے کلدان میں نامعلوم دہشت گردوں نے لیویز چیک پوسٹ پر کھڑی لیویز کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں لیویز کے 5اہلکار موقع پر جاں بحق جبکہ تحصیلدار جیوانی نعیم گچکی اور رسالدار عبداللہ اور دو سپاہی داؤد زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو سول اسپتال گوادر منتقل کردیا گیا جہاں تحصیلدار جیوانی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

کمشنرمکران کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور اہلکار دوران علاج دم توڑ گیا جس کے بعد دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق اہلکاروں کی تعداد7ہوگئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد لیویز اور ایف سی کی بھاری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے جیوانی میں لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے 7لیویز اہلکاروں کے جان بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے،انہوں نے کمشنر مکران سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
تازہ ترین