• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ سندھ نے پاپولیشن پالیسی کی منظوری دیدی

Cm Sindh Approves Population Policy
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبہ سندھ کیلئے پاپولیشن پالیسی 2016ء کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 2020ءتک صوبے میں کونٹرا سیپٹیو پری ویلنس ریٹ (سی پی آر)کی شرح 30فیصد سے بڑھاکر 40فیصد کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پاپولیشن پالیسی 2016کے ویژن کے حوالے سے کہا ہے کہ اس پالیسی کے ذریعے ایک خوشحال، صحتمند، پڑھا لکھا اور باشعور معاشرہ قائم کیا جائے، جہاں تمام شہریوں کوفیملی پلاننگ اور زچہ و بچہ کی صحت کے حوالے سے مکمل معلومات تک رسائی اور معیاری خدمات فراہم کرنے کے بے پناہ مواقع حاصل ہوں۔

منظور کی گئی نئی پالیسی کے تحت سندھ حکومت تمام ضروری اقدامات کے ذریعے سی پی آر کی 30فیصد شرح سے عوامی آگاہی کی مہم چلاتے ہوئے 2020ءتک یہ شرح 45فیصد کرنے کیلئے کوششیں کرے گی اور اس کے علاوہ حکومت کوزچگی کے 2013ءکے 2اعشاریہ 1فیصد سطح کو بھی حاصل کرنا ہے۔

صوبائی آبادی کی پالیسی 2016ءکے تحت صوبے میں محفوظ اور معیاری صحت اور فیملی پلاننگ کی خدمات تک رسائی کے ٹارگٹ کو بھی حاصل کیا جائے گا اور اس کے علاوہ صوبے کے دور دراز علاقوں تک فیملی پلاننگ اور زچہ و بچہ کی صحت کی سہولتوں کی رسائی میں 2017ء تک اضافہ کیا جائے گا۔

پاپولیشن پالیسی کے تحت محکمۂ بہبود آبادی کو 2020ء تک فیملی پلاننگ کے سلسلے میں کی گئی لاحاصل ضروریات میں بھی 6فیصد کی کمی کے ساتھ 21فیصد سے 15فیصد تک لانے کیلئے کوششیں تیز کرنی ہیں۔

منظور کی گئی نئی پاپولیشن پالیسی کے تحت 2020ءتک فرٹیلیٹی لیول کو 3اعشاریہ 9سے کم کرکے 3بچوں تک لایا جائے گا، اس کے علاوہ نئی پالیسی کے تحت 2018ءتک 80فیصد عوامی سروسز کے اسٹورز تک کونٹراسیپٹیو کی تمام پراڈکٹس کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نئی پاپولیشن پالیسی پر عمل درآمد کیلئے ایک ارب روپے کی پانچ سالہ بجٹ کی منظوری دے دی۔
تازہ ترین