• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ کے 10 دفاتر گرادیے گئے، جامعہ کراچی میں یونٹ آفس خالی

Ten Offices Of Mqm Demolished Unit Office Emptied In University Of Karachi
ریاست مخالف تقریر کی ٹکر سے یونٹ اور سیکٹر آفسز کے درودیوار ایک کے بعد ایک گررہے ہیں،ایم کیو ایم کے دفاتر سیل کرنے اور غیرقانونی قائم دفاتر کو گرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

اب تک مجموعی طور پر 10سیکٹر اور یونٹس آفسز گرائے جا چکے ہیں، جامعہ کراچی اسٹاف کالونی میں قائم متحدہ یونٹ آفس کو خالی کرا لیا گیا ہے۔

جامعہ کراچی کی انتظامیہ کے مطابق جامعہ کراچی میں لگےایم کیوایم کے تمام پوسٹر اور جھنڈے اتار لیے گئے ہیں،جبکہ جامعہ کی حدود میں بانی ایم کیوایم کی تصاویر بھی اتار دی گئی ہیں۔

کراچی میں قبضے کی زمینوں پر قائم ایم کیو ایم کے مزید تین دفاتر گرادیئے گئے، اب تک مجموعی طور پر 10 سیکٹر اور یونٹس آفسز گرائے گئے ہیں جبکہ کھیل کے میدانوں، پارکوں اور دیگر پبلک مقامات پر قائم متحدہ کے 200 دفاتر گرانےکا فیصلہ کیاگیا ہے۔

جمعرات کو بھینس کالونی، سچل، ایئرپورٹ، طارق بن زیاد سوسائٹی اور قائد آباد سمیت مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم کے 7دفاتر گرائے گئے جبکہ آج (بروزجمعہ) گلستان جوہر اور نیوٹاؤن میں مزید 3 یونٹ آفس ڈھائے گئے۔

شہری حیرت کے ساتھ شاؤل اور دیگر بھاری مشینری کو آن کی آن میں دیواریں اور چھتیں گراتے دیکھتے رہے،تماشا دیکھنے والوں میں بعض موقع پرست ایسے بھی تھے جو ملبے سے اپنے کام کی چیزیں چوری کرتے پائے گئے،اب تک شہر بھر میں ایم کیو ایم کے 10 سیکٹر اور یونٹ آفس گرائےگئے جبکہ 35 سے زائد سیل کئے جاچکے ہیں۔

ایم کیو ایم کے 178 یونٹ آفس اور 22 سیکٹر آفس قبضے کی زمینوں پر قائم ہیں، ان میں سے 32 کو فوری طور پر جبکہ باقی دفاتر کو بتدریج گرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسکولوں، پارکس، کھیل کے میدانوں اور واٹر بورڈ کی زمین پر قائم جن دفاتر کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے، وہ گلشن اقبال، گلستان جوہر، فیروزآباد،نیو ٹاؤن،پی آئی بی، سولجر بازار اور بریگیڈ میں واقع ہیں۔
تازہ ترین