• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلیو ایریا فائرنگ کیس کا فیصلہ پانچویں مرتبہ مؤخر

Blue Area Firing Case Verdict Delayed For The Fifth Time
تاریخ پرتاریخ ملتی گئی مگر فیصلہ نا آیا، پارلیمنٹ ہاؤس اورایوان صدر کے سامنے جناح ایونیو پر 7 گھنٹے تک سیکورٹی کا تماشا لگانے والے ملزم سکندر کے مقدر کا فیصلہ پانچویں مرتبہ بھی نہیں سنایا جاسکا، عدالت نے 9 ستمبر کی تاریخ مقرر کردی۔

3 جون 2016ءکو محفوظ کیا جانے والا فیصلہ آج پھر نہ سنایا جا سکا،اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کی چھٹی کے باعث بلیو ایریا فائرنگ کیس کا فیصلہ پانچویں مرتبہ مؤخر کردیا گیا۔

عدالتی اہلکار نے بتایا کہ جج صاحب چھٹی پر ہیں، آئندہ سماعت پر فیصلہ سنائیں گے،ملزم سکندر نے عدالتی عملے سے سوال کیا کہ یہ کام کب ختم ہوگا؟عدالتی عملے نے جواب دیا کہ بے فکر ہو جاؤ جلد ختم ہونے والا ہے۔

16 اگست 2013ء کو تھانہ کوہسار میں سکندر کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا، 8 جنوری 2014ء کوسکندر اور اس کی اہلیہ کنول پر فرد جرم عائد کی گئی، پولیس نے چالان میں دونوں کو قصور وار ٹھہرایا۔

سکندر اڈیالہ جیل میں قید ہے جبکہ اس کی اہلیہ کنول ضمانت پر ہے، ملزمان کا ٹرائل ڈھائی سال سے زائد عرصہ جاری رہا، انسداد دہشت گردی عدالت نے ٹرائل مکمل کرکے 3 جون کو بلیو ایریا فائرنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا۔

فیصلہ سنانے کے لیے پہلے 9 جون، پھر 22 جون، پھر 5جولائی اس کے بعد 11 جولائی اور پھر 26 اگست کی تاریخیں دی گئیں اور اب سکندر کے مقدر کا فیصلہ 9 ستمبر کو سنائے جانے کا امکان ہے۔
تازہ ترین