• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

Pakistan Against England 2nd Odi Play Today
ون ڈے سیریز میں واپس آنے کے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فتح کی تلاش ہے، گرین شرٹس کو لارڈز کا ون ڈے انٹرنیشنل ہر صورت میں جیتنا ہے۔ کوچ مکی آرتھر نے ایک ون ڈے کی بعد کھلاڑیوں کو جیت کا فارمولا بتادیا ہے اور تنبیہہ کی ہے کہ سینئر کو مزید ذمے داری لینا ہوگی ورنہ کوئی کھلاڑی مستقل ٹیم میں نہیں رہے گا۔

سائوتھمپٹن میچ کی خراب کارکردگی کے بعد پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو ٹرمپ کارڈ کے طور پر کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹیم میں تین تبدیلیاں متوقع ہیں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے عمر رسیدہ اور تجربہ کار کھلاڑیوں عمر گل، محمد حفیظ اور شعیب ملک کو واضح پیغا م دیا ہے کہ ٹیم کے لئے کوئی ناگزیر نہیں ہے۔

کوچ کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے اگر آپ کی عمر زیادہ ہے تو آپ کی ذمے داری بڑھ جاتی ہے اور آپ کو پارٹی میں زیادہ کردار ادا کرنا پڑے گا۔ موجودہ ٹیم میں محمد حفیظ 35، شعیب ملک 34 اور عمر گل32 سال کے ہیں۔ ہفتے کو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرا ون ڈے لارڈز میں ہورہا ہے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستان ایک ریگولر اسپنر کھلاکر اپنی بولنگ کو مضبوط کرے گا تاکہ انگلش بیٹنگ لائن پر اسپن بولنگ سے حملہ آور ہوا جاسکے۔ اسٹار اسپنر یاسر شاہ تقریباً دس ماہ بعد پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے انہوں نے آخری میچ نومبر میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر محمد عامر بدستور ان فٹ ہیں اور میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔ اگر عامر فٹ نہ ہوسکے تو عمر گل کو کھلایا جائے گاورنہ ان کیلیے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہوگا۔

انگلینڈ نے پہلا ون ڈے انٹر نیشنل ڈک ورتھ اینڈ لوئیس سسٹم کے تحت 44 رنز سے جیت لیا تھا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے انگلینڈ کو 261رنز کا ہدف دیا جس نے تین وکٹوں کے نقصان پر193 رنز بنائے تو بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔

ٹیم انتظامیہ دوسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں آل رائونڈر محمد نواز کی جگہ یاسر شاہ کو کھلانا چاہتی ہے۔ آل رائونڈر حسن علی کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ یاسر شاہ نے پہلے میچ میں فٹ ہونے کے باوجود شرکت نہیں کی تھی۔

میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں تاہم ہفتے کے روز بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ میچ بارش سے متاثر ہوسکتا ہے۔
تازہ ترین