• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس ای سی پی گوادر فری زون میں سہولت سینٹر بنائے گا

Secp To Make Facilitation Centre In Gwadar Freezone
سیکورٹیز اینڈ کمیشن پاکستان اور چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ  کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کے تحت گوادر فری زون میں سہولت سینٹر قائم کیا جائے گا جو سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کرنے کےلئے معاونت فراہم کرے گا۔

اس موقع پر گوادر پورٹ اور فری زون میں کاروبار کے آغاز کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں وفاقی وزیر بندر گاہیں و جہاز رانی میر حاصل خان بزنجو نے بھی شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد ایس ای سی پی کے مجوزہ سہولت سینٹر کے قیام سے دونوں اداروں کے مابین رابطہ اور تعاون بڑھانا ہے۔

یہ سہولت سینٹرکمپنیوں کی پاکستان میں رجسٹریشن اور بعد از تشکیل سرگرمیوں کے حوالے سے ایس ای سی پی کے رجسریشن دفتر اور متوقع سرمایہ کاروں کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کرے گا۔ مفاہمتی یادداشت پر ایس ای سی پی کے ایڈیشنل رجسٹرار سڈنی پریرا اور سی او پی ایچ سی کے چیئرمین مین ژونگ باؤ ژونگ نے دستخط کئے۔

مقامی ہوٹل میں ہونے والی اس تقریب میں میر حاصل بزنجو، گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستان خان جمال دینی، کراچی میں چین کے قونصل جنرل مُو یونگ پین اور سیکرٹری بندرگاہیں و جہاز رانی خالد پرویز بھی شریک تھے۔

ایس ای سی پی نے حال ہی میں متعدد اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن کا مقصد کمپنیوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ان اصلاحات میں رجسٹریشن فیس میں خاطر خواہ کمی، مصدقہ نقول کی مفت فراہی، ایک دن کے اندر اندر کمپنی کی تشکیل کے سارے مراحل کی تکمیل، دو گھنٹے کے اندر تیز تر رجسٹریشن کے عمل کی تکمیل، فیسوں کی بذریعہ کریڈٹ کار ڈ یا آن لائن فنڈ ٹرانسفر ادائیگی اور این آئی ایف ٹی سے برقی دستخطوں کا حصول شامل ہے۔
تازہ ترین