• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: بارش کےبعد حادثات میں5 افراد جاں بحق

The Rainfall In Karachi Roof Wall Collapse And Electrocuted 3 People Were Killed
کراچی میں بارش کے دوران چھت ،دیوار گرنے اور کرنٹ لگنے سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں 5افراد جاں بحق ہوگئے ہیں،برسات کے بعد شہر کےمختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بارش کے بعد حادثات سے ہونے والی اموات اورنگی ٹائون ،سول لائنز ،نارتھ کراچی ،شیریں جناح کالونی اور سرجانی ٹائون سیکٹر سی میں ہوئیں۔

اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی میں مکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سول لائنز میں گھر کی چھت کا ایک حصہ گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق نارتھ کراچی ،شیریں جناح کالونی اور سرجانی ٹائون سیکٹر سی میں کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 3افراد جان سے گئے ۔

ادھرکراچی میں بارش ہوتے ہی بجلی چلی گئی ،دوسرے روز ہونے والی برسات کے بعد 180فیڈرزٹرپ کرگئے،شہر کے مختلف حصوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوکر رہ گئی ہے۔

بادل آج پھر کراچی پر مہربان ہوئے ،شہر میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی،کسی نے اسے انجوائے کیا تو کوئی مشکل میں پھنس گیا ، 180 کے قریب فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقوں کی بجلی غائب ہوگئی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ 150کے قریب فیڈرز متاثر ہوئے ہیں ، بجلی کی بحالی کے لئے کے الیکٹرک کا عملہ مصروف ہے ۔

ملیر، لانڈھی، ڈیفنس ، کلفٹن ،گلشن اقبال ، گلستان جوہرسمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم میں خوشگوار تبدیلی آئی جبکہ پانی جمع ہونے سے ملیر اور کورنگی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں،محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ 45ملی میٹر بارش لانڈھی میں ہوئی،ایئرپورٹ اور گلستان جوہر میں 18ملی میٹر ،گلشن حدید میں 17ملی میٹر اور صدر میں 4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔

بارش میں حادثات سے بچائو کے لئے چند ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں،جن کے مطابق تیزہواؤں کے ساتھ بارش ہوتو غیر ضروری سفر سے گریز کریں،سفر میں گاڑی یا موٹرسائیکل کی رفتار آہستہ رکھیں،دوسری گاڑیوں سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں گاڑی بائیں طرف پارک کریں،گیلی دیواروں پر ہاتھ نہ لگائیں، درختوں یا بجلی کے کھمبوں سے بھی دور رہیں،ڈور بیل بجانے کے بجائےدروازے پر دستک دیں۔
تازہ ترین