• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کی حلف اٹھانے والے میئرز اور چیئرمین کو مبارکباد

Bilawal Congratulates Mayors And Chairman Taking Oath
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ بھر میں حلف اٹھانے والے میئرز اور چیئرمین کو مبارکباد دی ہے۔

آج عوامی تقریبات میں حلف اٹھانے والے سندھ بھر کے 200سے زائد میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج بلدیاتی حکومتوں کی تاریخ کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آج بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندوں کی حیثیت سے جنہوں نے حلف اٹھایا ہے، انہوں نے اپنے اپنے علاقوں کے عوام کی خدمت کا ذمہ بھی اٹھایا ہے، انہیں اب عوام کو صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ دیگر شہری سہولتیں ان کے دروازے تک پہنچانے کی کارکردگی بھی دکھانی ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوبہ سندھ نے پہلی بار جماعتی بنیادوں کے تحت بلدیاتی نظام حاصل کیا ہے، بنیادی سہولتیں میسر کرنے کے ساتھ ساتھ جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لیے عوام کی بھرپور شمولیت کے ساتھ بلدیاتی اداروں کونچلی سطح پر جمہوریت کی نرسریز کا کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے بلدیاتی انتخابات میں سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صدر ایم این اے فریال تالپر کی انتھک کاوشوں کو سراہا جس کی وجہ سے پیپلزپارٹی نے سندھ بھر سے ضلعی چیئرمین کی تمام سیٹوں پر کامیابی حاصل کی اور ٹاؤنزپر بھی بھاری اکثریت سے جیت حاصل کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے اس بات پر بھی خوشی ہے کہ پیپلزپارٹی کے ٹکٹوں پر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے18امیدوار بھی چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے طور منتخب ہوئے ہیں جس سے جمہوریت اور بلدیاتی اداروں کے شان میں اضافہ ہوا ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے بلدیاتی اداروں کے نو منتخب سربراہوں سے کہا ہے کہ وہ سچائی اور لگن سے عوام کی اس طرح خدمت کریں تاکہ ان کے اس عمل کی باقی صوبوں کے بلدیاتی اداروں کے سربراہان پیروی کریں۔
تازہ ترین