• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Pak England Historic Odi
عبداللہ وحید راجپوت...پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹرینٹ برج ، ناٹنگھم کے مقام پر کھیلا گیا ون ڈے انٹر نیشنل تاریخ کے صفحات پر اپنا نام درج کروا گیا، یہ میچ اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ اس میں ایک روزہ کرکٹ کا آج تک کا سب سے بڑا اسکور بنا، مگر اس کے ساتھ ہی اس میچ کے دوران کچھ مزید ریکارڈز بھی ٹوٹے اور بنائے گئے۔ پانچ میچوں کی سیریز کے تیسرے ون ڈے میں ریکارڈز نہ صرف انگلش ٹیم بلکہ پاکستانی ٹیم کے بھی نام رہے۔

ون ڈے کرکٹ کا سب سے بڑا پہاڑ
انگلش ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50اوورز میں 444 رنز اسکور کئے،جو کہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے پہلے یہ ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا۔ سری لنکا نے خودسے کمزور حریف ہالینڈ کے خلاف 443 رنز 4 جولائی 2006 میں ایمسٹیلوین کے مقام پربنائےتھے، اس کے ساتھ ساتھ ایک اننگز میںکسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ بائونڈریزلگانے کا ریکاڑڈ بھی برابر ہوا۔انگلینڈ نے 59 مرتبہ گیند کو بائونڈری سے باہرپھینک کر یہ ریکارڑ برابر کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھی سری لنکا کے پاس تھا، ہالینڈ کے خلاف سری لنکا نے اپنا ریکارڈ ساز مجموعہ بنانے کے لئے 59 مرتبہ گیند کو بائونڈری کے پار پہنچایا۔

تیز ترین 400 رنز
انگلینڈ نے 400 رنز کا سنگ میل 2.46 اوورز میں مکمل کیا ، جو کہ مشترکہ طور پر تیز ترین 400 بنانے کا ریکارڈ ہے ۔ اس سے قبل جنوبی افریقا نے بھی جوہانسبرگ میں ونڈررز کے مقام پر تاریخی میچ میں 2.46 اوورز میں 400 رنز مکمل کئے تھے۔

ڈیڑھ سو کی جوڑی
یہ ساتواں ایسا موقع ہے جہاں ایک ہی اننگز میں 2 مرتبہ 150 یا زائد رنز کی پارٹنرشپ قائم کی گئی ہے۔

انگلش بیٹسمین کی سب سے بڑی انفرادی اننگز
انگلش بیٹسمین ایلیکس ہیلز نے انگلینڈ کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بنا ڈالا۔ ہیلز نے 122 گیندوں پر 171 رنز اسکور کئے۔ اس سے قبل روبن اسمتھ نے آسٹریلیا کے خلاف ایجبسٹن کے مقام پر 21 مئی 1993 میں167 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کے خلاف بڑی اننگز
ایلکس ہیلز کی جانب سے کھیلی جانے والی 171 رنز کی اننگز پاکستان کے خلاف دوسری سب سے بڑی اننگز ہے۔ بھارت کے ویرات کوہلی18 مارچ 2012 میں ڈھاکہ کے مقام پر 183 رنز اسکور کر چکے ہیں جو کہ پاکستان کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

بٹلر اور مورگن کی طوفانی ففٹی
انگلش وکٹ کیپر بیٹسمین جوس بٹلر نے انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا، بٹلر نے محض 22 گیندوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اس سے قبل سابق انگلش کپتان پال کولنگ ووڈ نے 24 گیندوں پرنیوزی لینڈکے خلاف نصف سنچری بنائی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ اس ہی میچ کے دوران کپتان ایون مورگن نے بھی 24 گیندوں پر اپنے پچاس رنز مکمل کئے۔

پاکستان کے خلاف سب سے بڑی شراکت
جو روٹ اور ایلکس ہیلز کی جانب سے بننے والی 248رنزکی شراکت ایک روزہ میچوں میں پاکستان کے خلاف قائم ہونے والی سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے اے بی ڈیویلیئرز اور ہاشم آملہ نے 17 مارچ 2013 میں جوہانسبرگ کے مقام پر تیسری وکٹ کے لئے 238 رنز جوڑے تھے۔

روٹ کی مستقل مزاجی
اسی میچ کے دوران جوروٹ چھٹے انگلش کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے مسلسل 5 ایک روزہ میچوں میں 50 یا زائد رنز بنائے، ان کی گزشتہ پانچ اننگز کا اسکور 65اور 93رنز انہوں نے سری لنکا کے خلاف بنائےجبکہ 61، 89اور 85رنزرواں سیریز میں پاکستان کے خلاف بنا چکے ہیں۔

محمد عامرکی گیارہویں نمبر پر نصف سنچری
پاکستان کی جانب سے بھی ایک ورلڈ ریکارڈ بنایا گیا، محمد عامر نے گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلی۔ محمد عامر نےجارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 58 رنز اسکورکرکے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس سے قبل گیارہویں نمبر پر آنے والے کھلاڑیوں میں سب سے بڑا انفرادی اسکور کا ریکارڈ بھی پاکستان کے پاس تھا۔ 22 فروری 2003 میں انگلینڈ ہی کے خلاف عالمی کپ کے مقابلے میںگیارہویں نمبر پر کھیلنے آنے والے شعیب اختر نے 43 رنز اسکور کئے تھے۔

شاہدآفریدی کا مقابلہ محمد عامر کے ساتھ
محمد عامر پاکستان کی جانب22 یا اس سے کم گیندوں پر نصف سنچری اسکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ محمدعامرتیسرے پاکستانی ہیں جنہوں نے 22 یا اس سےکم گیندوں پر اپنے 50 رنز مکمل کئے ہیں۔ ان سے قبل عبدالرزاق ایک مرتبہ جبکہ سابق کپتان بوم بوم شاہد آفریدی 9 مرتبہ ایک روزہ کرکٹ میںیہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

وہاب ریاض کی سنچری
بائیں ہاتھ کے گیند باز وہاب ریاض 10 اوورز کے کوٹے میں سب سے زیادہ رنز دینے کے اسٹینڈپر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، وہاب ریاض نے ناٹنگھم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں 10 اوورز میں 110 رنز دیئے ۔ آسٹریلیا کے مک لوئس 113 رنز دےکر سر فہرست ہیں۔
تازہ ترین