• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Why Are Shrinking Fingers In The Water
متعدد لوگوں کے ذہن میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ جب ہم زیادہ دیر تک پانی میں رہتے ،تیرتے، کپڑے دھو تے یابارش کے مزے لیتے ہیں توہمارے ہاتھوں یا پاؤں کی انگلیوں کی ’پورز‘ سکڑ جاتی ہیں، ہاتھ یا پاؤں کی انگلیوں کی جلد سکڑ نےکی وجہ کیا ہے؟سائنسدانوں نے راز پا لیا۔

خلیجی اخبار نے برطانوی سائنس دانوں کے حوالے سے لکھا ہے کہ انسان کا اعصابی نظام جان بوجھ کر ایسا کرتا ہے تاکہ گیلے ہونے کی صورت میں بھی انسان کی انگلیاں چیزوں کو آسانی سے پکڑ سکیں۔

سکڑی ہوئی گیلی انگلیاں چیزوں کو گرفت میں لینے کی زیادہ قدرت رکھتی ہیں۔ اسی طرح یہ دونوں پاؤں کے جماؤ اور کھڑے ہونے کی حالت میں پھسلنے سے بچانے میں مدد کرتی ہیں۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سکڑی ہوئی گیلی انگلیوں کے چیزوں کو زیادہ بہتر طریقے سے پکڑنے کی وجہ یہ ہے کہ انگلیوں کی جھریاں ان پر جمع ہونے والے پانی کو ہٹا دیتی ہیں جس کے نتیجے میں انگلیوں کی گرفت کی قدرت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

برطانیہ میں نیوکیسل یونیورسٹی میں حیاتیات کے ایک سائنس داں ٹوم اسمال ڈیئرز کا کہنا ہے کہ’انگلیوں کے اطراف میں جھریاں پڑجانے کا مظہر تمام انسانوں میں معروف ہے۔ یہ پانی کے جذب ہونے سے جلد کے پھول جانے کے نتیجے میں سامنے آنے والا کوئی طبیعاتی ردعمل نہیں ورنہ تو پورا جسم ہی پھول کر سکڑ جاتا ہے جبکہ ایسا نہیں ہوتا ہے۔

پس انگلیوں کے اطراف کی جلد سکڑ جاتی ہے اور یہ ایک فعلی خاصیت اور خودکار ردعمل ہے جس کا اجراء انسان کا اعصابی نظام بہت باریک بینی سے کرتا ہے۔‘‘

ماضی میں ماہرین سمجھتے تھے کہ انسانی جلد اس وقت سکڑتی ہے جب وہ طویل دورانیے تک پانی میں رہے تاہم نئے تحقیقی مطالعوں سے ظاہر ہوا ہے کہ انسان کا اپنا اعصابی نظام انگلیوں کی جلد کو سکڑنے کی ہدایت جاری کرتا ہے۔

اس سلسلے میں محققین کا مزید تجربات کرنے کا ارادہ ہے تاکہ اس کیفیت کے ہونے کو درست طور پر جانا جاسکے۔
تازہ ترین