• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما تحقیقات کیلئے دنیا میں کہیں کمیشن نہیں بنا، ن لیگ

No Commission Formed Anywhere In World To Investigate Panama Scandal
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ پاناما پیپرز کی تحقیقات کے لیے دنیا میں کہیں کمیشن نہیں بنا، پاکستان میں ایس ای سی پی اور ایف بی آر سمیت تمام ادارے ملکی قوانین کے تحت تحقیقات کر رہے ہیں، عمران خان کوئی ایک قانون بتا دیں جس کا اطلاق نہ کیا گیا ہو۔

وزیر مملکت محمد ز بیر، دانیال عزیز اور طلال چوہدری نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں کہا کہ دشمن للکار رہا ہے اورعمران خان وزیر اعظم کے گھر کا گھیراؤ کر نے جا رہے ہیں،پانامالیکس کے بعد ایس ای سی پی نے 70ہزار کمپنیوں کے ڈیٹا کو کھنگال کر 155 افراد کو نوٹس بھیجے،ایف بی آر نے بھی نوٹسز بھجوائے،الیکشن کمیشن میں سماعت جاری ہے،سپریم کورٹ نے درخواست منظور کر لی ۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پہ اپوزیشن افراتفری کا شکار رہی ہے، عمران خان نے جھوٹ کا طوفان برپا کر رکھا ہے، سپریم کورٹ پر نواز شریف یا ن لیگ کیسے اثر انداز ہو سکتی ہے، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی نے ساتھ بیٹھ کر بنایا، سب جماعتیں ان کا ساتھ چھوڑ چکی ہیں، وہ اداروں پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ جب ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے، احتجاج اور انتشار کی سیاست کی جا رہی ہے، شیخ رشید اور عمران خان کی ملاقاتوں میں اتفاق کیا گیا کہ لاشیں چاہئیں۔

ن لیگ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جھوٹ اور احتجاج کی سیاست کو عوام نے بھی مسترد کر دیا ہے جس کا ثبوت پاناما لیکس کے بعد ہونےو الے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی ہے۔
تازہ ترین