• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی کی گمشدہ انگوٹھی چار عشروں بعد مل گئی

Lost Wedding Ring Found After 4 Decades
ایک جوڑے کی خوشی کا اس وقت کوئی ٹھکانہ نہ رہا جب انہیں اپنی گمشدہ شادی کی انگوٹھی مل گئی جو37سال قبل اسپین کے ساحل پر سمندر میں گر گئی تھی۔

برطانوی رپورٹ کے مطابق،جیسیکا کوئسٹا نامی غوطہ خورکو یہ انگوٹھی پچھلے ماہ اسپین کے مشرقی ساحلی شہر بنیدورم کے پانیوں سے ملی۔

انہوں نے انگوٹھی کی تصویر کھینچ کر فیس بک پر ڈال دی اور مالک کی تلاش میں مدد کی اپیل کی۔ انگوٹھی پر 17 فروری 1979 کی تاریخ کندہ تھی۔

جیسیکا کوئسٹا نے بتایا کہ’’ مجھے یہ انگوٹھی بنیدورم کے ساحل پر غوطہ خوری کے دوران ملی۔ میرا دل چاہا کہ میں اسے اس کے مالک کو واپس لوٹا دوں‘‘

انہوں نےمزید بتایا کہ اسے کھوئے ہوئے کافی عرصہ ہوگیا تھا کیونکہ وہ تہہ میں دبی تھی۔ میں نے اسے بغور دیکھا کہ یہ کسی ایسے جوڑے کی انگوٹھی ہے جس کی شادی 17 فروری 1979 کو ہوئی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا’’ کیا آپ اسے شیئر کرکے اصل مالک کو لوٹنے میں مدد کرسکتے ہیں؟‘‘

اس پوسٹ کو فیس بک پر 80 ہزار مرتبہ شیئر کیا گیا اور بالآخر آگسٹن الیاغا اور ان کی بیوی جوانی سانشز اپنی انگوٹھی دیکھ کر ششدر رہ گئے۔

گسٹن الیآغا نے بتایا کہ میں نے فیس بک پر انگوٹھی دیکھی اور بس پتہ چل گیا کہ ہماری انگوٹھی ہے جس پر شادی کی تاریخ بھی درج ہے۔
انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد تیراکی کرتے ہوئے یہ کھو گئی تھی۔

جیسیکا کوئسٹا نے شمال مشرقی شہر زاراگوزا میں اپنے گاؤں میں انہیں یہ انگوٹھی واپس لوٹائی جس کا جوڑے نے بے حدشکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین