• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:سرچ آپریشن کے دوران4 گرفتار، متعدد زیر حراست

Karachi Search Operation 4 Arrest Several Under Custody
سکندر علی...کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار، جبکہ 37 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاہے۔ گلستان جوہر میں حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد حراست میں لے لیئے۔

پولیس کے مطابق کلفٹن کے علاقوں بوٹ بیسن اور نیلم کالونی میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران مختلف گھروں اور کرائے کے مکانوں سے 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

لیاقت آباد اور شریف آباد میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا ،جس کے دوران 10 مشتبہ افراد حراست میں لے لیے گئے۔ زیرحراست افراد کو تفتیش کے لئے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

اُدھر ماڑی پور میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 7 افراد کو حراست میں لے لیا۔گلستان جوہر بلاک 19 میں بھی حساس ادارے کے اہلکاروں نے نجی کمپنی کے دفتر پر کارروائی کی، جس کے دوران 3 افراد کو حراست میں لیکر نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ناظم آباد نمبر 4 میں پولیس مقابلہ ہوا، جس کے دوران 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیئے گئے۔نیو کراچی سیکٹر 11 میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان گرفتار کر لیئے۔ ملزمان اسٹریٹ کرائم میں ملوث تھے۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے 2 ساتھی فرار ہو گئے۔
تازہ ترین