• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کے پر امن حل کے لیے آواز أٹھائیں گے، جاپانی پہلوان

We Will Sound Against The Kashmir Solution Japaneses Wrestler
عرفان صدیقی ، ٹوکیو جاپان... جاپان کے عالمی شہرت یافتہ ریسلر اور رکن پارلیمنٹ محمد حسین انوکی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کا قتل عام افسوسناک ہے ۔ پاک بھارت کے درمیان تنازع کے حل میں جاپانی حکومت سے کردار ادا کرنے کے لیے جاپانی پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے ۔

یہ بات محمد حسین انوکی نے پاکستان کے معروف اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان سے ملاقات کے بعد روزنامہ جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

محمد حسین انوکی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کے قیام کے لیے پاکستانی اسٹار جہانگیر خان کے ساتھ واہگہ بارڈر پر امن واک کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے وہ بطور جاپانی پارلیمانی رکن حکومت پاکستان اور حکومت بھارت سے تعاون کی درخواست کریں گے۔

اس موقع پر جہانگیر خان نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی امن کے سفیر ہوتے ہیں ۔انھیں جتنی محبت جاپان میں ملی ہے وہ ناقابل بیان ہے جبکہ بھارت سے پاکستان کی مخالفت کے باوجود ان کے وہاں بھی ہزارو ں چاہنے والے ہیں اور ان کا دورہ بھارت بھی یاد گار رہا ہے لہذا جاپانی سپر اسٹار انوکی کے ساتھ اگر واہگہ بارڈر پر پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کی جانب سے امن واک کی اجازت ملتی ہے تو وہ ہزاروں پاکستانیوں، کھلاڑیوں اور دیگر ممالک کے شہریوں کے ساتھ اس واک میں شرکت کرکے دونوں ممالک کی حکومتوں کو امن اور محبت کے ساتھ رہنے کی تلقین کریں گے۔

محمد حسین انوکی اور جہانگیر خان نے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کی دونوں ممالک کے درمیان اسپورٹس ڈپلومیسی کے ذریعے تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں کی تعریف کی جبکہ انوکی نے اسی سال پاکستان اور بھارت کے بارڈر پر امن واک کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جبکہ انھو ں نے جہانگیر خان کی درخواست پر جاپان میں ہونے والے اولمپک 2020 میں اسکواش کو شامل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے پر بھی رضا مندی ظاہر کی ہے جبکہ جہانگیر خان نے کہا کہ انھو ں نے اسکواش کو اولمپک میں شامل کرانے کی بہت کوشش کی ہے اور یہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش ہے کہ اسکوا ش کو اولمپک مقابلوں میں شامل کیا جائے تاہم اب انوکی کی جانب سے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کے بعد امید ہے کہ اگلے ٹوکیو اولمپک میں اسکواش بھی شامل ہوگا ۔
تازہ ترین