• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو پاکستان پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے، وزیراعظم

We Will Not Let India Keep Evil Eyes On Pakistan Prime Minister
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،بھارت نے کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں کیا، اپنےعوام کو مطمئن کرنے کے لیے بے معنی دعویٰ کررہا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، بہتر تعلقات کی بنتی فضا کو خود خراب کردیا، یقین ہے کہ اوڑی واقعہ پاکستان کی طرف سے نہیں ہوا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کا پاکستان پر فوری الزام لگانا ناقابل فہم ہے، ابتدائی تحقیقات ہونا ضروری تھا،یہ ممکن نہیں کہ چند گھنٹوں میں ہی بھارت نتیجہ اخذ کر لے کہ حملہ سرحد پار سے ہوا، بھارت نے بہتر تعلقات کی بنتی فضا کو خود خراب کردیا۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ بے معنی ہے، یہ دعویٰ اندرونی عوامی دباؤ پر اپنے عوام کو مطمئن کرنے کے لیے کیا گیا،پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،سرجیکل اسٹرائیک پاکستان بھی کر سکتا ہے،ہمارے پاس یہ صلاحیت موجود ہے۔

میاں نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ ایل او سی پر کسی بھی قسم کی جارحیت پرضروری اقدامات اٹھائیں گے،تاہم خطے سمیت پوری دنیا میں امن کے خواہاں ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں بے پناہ مظالم ڈھا رہا ہے، اب اندورنی اور بیرونی دباؤبرداشت نہیں کر پا رہا۔

وفاقی کابینہ نے قرار دیا کہ بھارتی وزیراعظم کے حالیہ بیانات پاکستان میں دہشت گردی اور مداخلت کا ثبوت ہیں۔

کابینہ نے پاکستان پر اڑی حملے کے بے بنیاد الزامات سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جارحیت اور جھوٹے پراپیگنڈے سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتاہے، بھارتی فورسز نے 110سے زائد معصوم کشمیریوں کا قتل عام کیا،اقوام متحدہ معصوم کشمیریوں کے قتل عام کا غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائے۔

کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایل او سی پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
تازہ ترین