• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محرم کے بعد نواز شریف کو حکومت نہیں کرنے دینگے:عمران خان

We Will Not Let Nawaz Sharif Rule After Muharram Imran Khan
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کو محرم تک کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ محرم کے بعد نواز شریف کو حکومت نہیں کرنے دیں گے۔

رائے ونڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کیا ہے، خواتین جلسے میں گرمی کے عالم میں بیٹھی ہیں، اب نواز شریف کے خلاف کوئی جلسہ نہیں ہوگا، اگر یہ سرحد پر معاملات خراب نہیں ہوتےتو یہ جلسہ دھرنے میں تبدیل ہوجاتا، یہاں لوگ حکومت کے خاتمے تک بیٹھے رہتے،میں آج نواز شریف کو محرم تک کی مہلت دے رہا ہوں اور اعلان کر رہا ہوں کہ محرم کے بعد نواز شریف ہم تمہیں حکومت نہیں کرنے دیں گے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس الزام نہیں، ثبوت ہے، قوم انصاف چاہتی ہے، مغرب ہم سے اس لیے آگے ہے کہ وہاں ادارے مضبوط ہیں، وہاں کے وزیراعظم پر الزام لگے تو وہ پہلے ہی استعفیٰ دے دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے،ایٹمی ہتھیار رکھنے والے دو ممالک کو جنگ نہیں کرنا چاہیے،فوج کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی، مودی نے مجھ سے ملاقات میں بات چیت سے مسئلہ حل کرنے پر اتفاق کیا تھا،نواز شریف نے اقوام متحدہ میں دل سے تقریر نہیں کی،مودی بھی یہی کہتا ہے کہ نواز شریف سے زبردستی تقریر کرائی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستانی مایوس نہ ہوں، ملک کو ٹھیک کرنا کوئی مشکل کام نہیں، ادارے مضبوط کریں گے، نیب سمیت تمام اداروں کو ٹھیک کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی پاکستان سے اتنا پیسہ اکٹھا کریں گے کہ کبھی قرضوں کی ضرورت نہیں پڑے گی،نریندر مودی کا پاکستان کو تنہا کرنے کا خواب ادھورا ہی رہ جائے گا،جس وقت کرپشن کا نظام ختم ہوگا اس ملک کے تمام معاملات ٹھیک ہوجائیں گے، خوشحالی ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ مودی کان کھول کر سن لو سب پاکستانی ایک ہیں،مودی تم نے پاکستان اور ہندوستان کے لوگوں کو مایوس کیا، میں جنگوں پر یقین نہیں رکھتا، ہندوستان سے امن کا مطلب یہ ہے کہ پیسہ لوگوں پر خرچ کیا جائے، مودی تم متعصب اور انتہا پسند ہو،بھارت میں کوئی واقعہ ہو تو انگلی پاکستان کی جانب اٹھا دی جاتی ہے۔

نریندر مودی سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ہر پاکستانی نوازشریف نہیں ہے، ہر پاکستانی نواز شریف کی طرح بزدل نہیں، نہ ہی ان کی طرح بزنس مین ہے،نوازشریف کو دیکھ کر کہیں آپ کو غلط فہمی نہ ہوجائے، ساری قوم اپنی فوج کے ساتھ اکٹھی کھڑی ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ میں آزاد پاکستان میں پیدا ہوا جبکہ والدین غلام ہندوستان میں پیدا ہوئے، میرے والدین نے بتایا کہ تم خوش قسمت ہو کہ ایک آزاد ملک میں پیدا ہوئے ہو، مجھے آزادی کی قدر ہے،مجھے غلام ملک میں زندہ ہی نہیں رہنا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، ہر حال میں کشمیریوں کی حمایت کریں گے، مسئلہ کشمیر ہر حال میں حل کرنا ہوگا، یہ مسئلہ بندوق سے حل نہیں ہوگا۔

انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنرل مشرف نے فوج وزیرستان بھیجی، ہم نے منع کیا تھا مگر اس کی وجہ سے 70ہزار افراد مرے۔

عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف، وزیردفاع خواجہ آصف اور پی ٹی وی کےچیئرمین کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایاان کا کہنا ہے کہ یہ درباری لوگ نوازشریف کو خوش کرنے کیلئے ہر حربہ آزماتے ہیں۔

625ء میں جنگ بدر 313مسلمان تھے، 636ء میں صرف 11سال بعد مسلمانوں نے حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کی قیادت میں اس وقت کی سپر پاور رومیوں کو شکست دی جبکہ اس کے 2سال بعد 638ء میں دوسری سپر پاور ایرانیوں کو شکست دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ سب وزیر اعظم بننے کے لیے نہیں اللہ تعالیٰ کیلئے کر رہا ہوں، غریبوں کیلئے کر رہا ہوں، غریب کسانوں اور مزدوروں کیلئے کر رہا ہوں، نواز شریف کا اسٹیل مل چل رہا ہے جبکہ پاکستان اسٹیل مل بند ہو گیا ہے تباہ ہوگا ہے، نوجوان باہر جانا چاہتا ہے۔

عمران خان کہتے ہیں کہ یہاں سب وسائل ہیں صرف ہم نے ان ڈاکوؤں اور ڈاکوؤں کے ٹولے کو شکست دینی ہے، میں نے آپ کو ثابت کردیا ہے کہ نواز شریف نے چوری کی ہے۔
تازہ ترین