• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پولیس کی کارروائیوں میں2 ملزمان ہلاک،72 مشتبہ زیر حراست

2 Killed And 72 Suspects Arrested In Karachi Operations And Encounters
کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کے دو ملزمان ہلاک ہوگئے ۔ ملیر،کلفٹن اور اتحاد ٹائون میں سرچ آپریشن کرکے 72 مشتبہ افراد زیر حراست لیے گئے جبکہ پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ملزمان قاری قاسم اور صدام بلوچ مارے گئے ۔ملزمان کا تعلق گینگ وار کے بابا لاڈلہ گروپ سے تھا ۔ ملزمان لیاری اور کھارادر میں بم دھماکوں اور 30 سے زائد قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے،ان کے قبضے سے اسلحہ اور راکٹ لانچر بھی برآمد کرلیے گئے۔

ملیر کینٹ میمن گوٹھ روڈ کے قریب حساس اداروں کی مدد سے پولیس نے سرچ آپریشن کرکے 10 مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیا جبکہ ملیر کے علاقے غازی گوٹھ سے 18 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ۔

اتحاد ٹائون میں کیے گئے سرچ آپریشن میں پولیس کے ساتھ اسی آر آر ایف کمانڈوز نے بھی حصہ لیا ، جس کے دوران 3ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی جبکہ 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے تھانے منتقل کردیا گیا۔

کلفٹن پولیس نے اپر گذری میں سرچ آپریشن کیا،پولیس کی بھاری نفری نے علاقے داخلے اور خارجی راستوں کو سیل کرکے گھر گھر تلاشی لی اور 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔

ناظم آباد پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

گلستان جوہر بلاک تین میں واٹر بورڈ کی اراضی پر قبضہ کرنے والے ملزم منصور کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اراضی پر قبضے میں منصور کے 2 بیٹے بھی شامل ہیں جنھیں مبینہ طور پر پولیس نے 2 لاکھ روپے لے کر چھوڑدیا۔
تازہ ترین