• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانامالیکس پر 5 درخواستوں کی سماعت آج شروع ہوگی

Hearing On 5 Appeals On Panama Leaks Today
پاکستان کے سیاسی منظر نامے کو گھیرے ہوئے پاناما پیپرز سے متعلق پی ٹی آئی سمیت 5مختلف آئینی درخواستوں کی سماعت سپریم کورٹ آج سے شروع کر رہی ہے ۔

اس قانونی جنگ کا کیا ہو گا ؟ سب کی نظریں عدالت عظمی پر لگی ہیں ۔ پاناما پیپرز سے متعلق آئینی درخواستوں کی سماعت ملک کی سب سے بڑی عدالت کے سب سے بڑے کورٹ روم میں سب سے بڑے جج یعنی چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور طہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا ۔

تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی درخواست ہے کہ پاناما پیپرز کی تحقیقات کا حکم دیا جائے وزیر اعظم نوازشریف اورو زیر خزانہ اسحاق ڈار کو کام کرنے سے روک دیا جائے ۔ انہیں نا اہل قرار دیا جائے وزیر اعظم کے خاندان کے اثاثوں کی تحقیقات کرائی جائے ۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی استدعا ہے کہ سپریم کورٹ پاناما پیپرز میں سامنے آنے والے تمام کمپنیوں کی تحقیقات کے لیے چیئر مین نیب اور ایف بی آر کو حکم دے ، عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید اور طارق اسد نے بڑی عدالت سے استدعا کی ہے کہ پاناما پیپرز کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنایا جائے۔

وطن پارٹی کہتی ہے کہ کمیشن بنانے اور تحقیقات کا حکم دینے کا سپریم کورٹ کو اختیار نہیں وہ یہ معاملہ پارلیمنٹ کو بھجوائے ۔ اس قانونی جنگ کا کیا ہو گا سب کو انتظار ہے ۔ ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ عمران خان بھی عدالتی کارروائی دیکھنے سپریم کورٹ آئیں گے ۔
تازہ ترین