• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کارکنوں کو اسلحہ فراہمی کی اطلاع ہے،دانیال عزیز

Reported To Arms Supply To Pti Workers Daniyal Aziz
مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کہتے ہیں کہ اطلاع ملی ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو اسلحہ ملا ہے اور وہ اسے چلانے کی تربیت لے رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما طارق فضل چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس معلومات ہے کہ انہوں نے باقاعدہ اسلحے کی فراہمی اورا پنے لوگوں کی ٹریننگ شروع کی ہے ، دوسری تنظیموں سے بھی انہوں نے مدد مانگی ہے، یہ ایجنڈا سیاسی سے ہٹ کر دہشت گردی کی طرف ہوگیا ہے،کیا اب طالبان خان کے رنگ میں اسلام آباد میں نئی دہشت گردی شروع ہوگی۔

دانیال عزیز نے کہا کہ بنی گالا کی زمین تحفہ ہے یا خریدی گئی، دونوں باتیں بیک وقت تو ٹھیک نہیں ہو سکتیں ، قوم کو جواب چاہیے ، کیا وہ چوری چھپارہے ہیں، جو پیسہ باہر بھیجا ہے کیا وہ جائز ہے، کیا سپریم کورٹ کا کیس اس دن آگے چل سکے گا جس دن اسلام آباد میں بتنگڑ بنا ہوگا ۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا نوٹس لینا واضح ثبوت ہے اور ہم بھی پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ پیش ہونے کو تیار ہیں،یہ آئین کی حدیں توڑ کر اپنا خاص مقصد پورا کرنے کے لیے جارہے ہیں،جب نیازی سروس نکل آئی تو کہا کہ یہ توجائز کام کے لیے بھی ہوتی ہیں،ان کا احتساب سے کوئی تعلق ہے نہ یہ انصاف مانگ رہے ہیں، یہ سیاسی چالیں چل رہے ہیں،ان کو اقتدار کی ہوس کھاتی جارہی ہے۔

دانیال عزیز نے مزید کہا کہ ثابت ہوچکا کہ الیکشن تو درست تھا، پھر آپ پارلیمنٹ کو کیوں سزا دے رہے ہیں،آپ غیر سنجیدہ تھے، آپ نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے بتنگڑ بنانا تھا، سیاسی مقاصد کے لیے بہانے بنائے جارہے ہیں، کیا یہ جمہوریت کو تقویت دے رہے ہیں،آپ پاکستان کو کس طرف لے کر جارہے ہیں، ان کے ایجنڈے کا سر ہے نہ پیر، ایک شخص انوکھا لاڈلا کھلن کو مانگے چاند، پتہ نہیں پاکستان کو کہاں لے جانا چاہتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپنی میٹنگز میں فیصلے کررہے ہیں کہ کس طرح لڑائی ہو،یہ انارکی دکھاناچاہتے ہیں، ہم انہیں بڑی اچھی طرح پہچان گئے ہیں،میٹھا میٹھا ہپ ہپ اور کڑوا کڑوا تھو تھو، حکومتی ایکٹ کی اس لیے مخالفت کررہے ہیں ان کی بھی تلاشی ہونی ہے،اگر یہ اس بات پر اترآئیں کہ انہوں نے تباہی کرنی ہے تو کیا یہ پاکستان کی خدمت ہوگی۔
تازہ ترین