• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹیسٹ: کھانے کے وقفے پر پاکستان2وکٹوں پر95رنز

Pakistan 95 For 2 At Lunch In Abu Dhabi Test
دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے پر پاکستان نے2وکٹوں کے نقصان پر95رنز بنالئے۔اسد شفیق 54اور یونس خان 29رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

ابوظبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میںمیں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،اوپنرز اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اورپہلے ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے گیبریل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، سمیع اسلم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 6بناکر بشو کو وکٹ دے بیٹھے، 42کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس کے بعد اسد شفیق اور سینئر بیٹسمین نے ذمہ داری سنبھالی اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 53رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو کسی حد تک بہتر بنادیا۔کھانے کے وقفے پر پاکستان نے2وکٹیں گنواکر95رنز بنالئے تھے، اسد شفیق54اور یونس خان29رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

آج کے میچ میں پاکستان نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں، بابر اعظم کی جگہ یونس خان جبکہ وہاب ریاض اور محمد عامر کی جگہ راحت علی اور ذوالفقار بابر کو موقع دیا گیا ہے۔

مصباح الحق کا بحیثیت کپتان یہ 48واں ٹیسٹ ہے، جس کے بعد انہوں نے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے کا عمران خان کا ریکارڈ برابرکردیا ہے۔

اس موقع پر کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہر سنگ میل عبور کرنے پر بہت خوشی ہے۔

تین ٹیسٹ میچزپر مشتمل سیریز میں پاکستان کو ایک ۔صفر کی برتری حاصل ہے۔ دبئی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 56رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستانی ٹیم کا ملک سے باہر یہ 250 واں ٹیسٹ میچ ہے۔ اس نے اب تک کھیلے گئے 249 ٹیسٹ میچوں میں 73 جیتے،91 میں شکست ہوئی ہے اور 85 ڈرا ہوئے ہیں۔ ابوظہبی میں پاکستانی ٹیم ناقابل شکست ہے۔
تازہ ترین