• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیڈول فورتھ کے بلاک کیے گئے شناختی کارڈز کی بحالی کا فیصلہ

Blocked Id Cards Of Schedule Fourth To Be Restored
وفاقی حکومت نے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے بلاک کیے گئے شناختی کارڈز اور پاسپورٹس فوری طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے یہ فیصلہ دفاع پاکستان کونسل کے وفد کی وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کے بعد کیا، ملاقات کرنے والوں میں مولانا سمیع الحق، مولانا محمد احمد لدھیانوی، مولانافضل الرحمان خلیل اور دیگر شامل تھے۔

وفد نے وفاقی وزیرداخلہ کو پنجاب میں مدارس اور علماء کو ہراساں کرنے اور اہم مذہبی رہنماؤں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، ملاقات میں افغان مہاجرین کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی سطح پر فورتھ شیڈول کی فہرستوں کا بھی ازسرنو جائزہ لیا جائے گا، نادرا نے لگ بھگ 2 ہزار افراد کے شناختی کارڈز بلاک کرکے ان کی شہریت عارضی طور پر منسوخ کی تھی۔

اس موقع پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت دین کو پاکستان سے الگ نہیں کر سکتی، پاکستان اسلامی نظریے پر قائم ہوا اور قائم و دائم رہے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام صوبوں کو فورتھ شیڈول کا دوبارہ جائزہ لینے کو کہا جائے گا، فورتھ شیڈول میں شامل تمام شخصیات پاکستانی ہیں، ان کو شناختی کارڈ سے کیسے محروم کیا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین